راولپنڈی،اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،نیٹ نیوز؍ مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم کسی بھی غیر متوقع صورتحال کے لئے تیار ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے پاک افغان سرحد پر داوا توئی شمالی وزیرستان میں اگلی چوکیوں کا دورہ کیا، یہ وہ علاقہ ہے جہاں یکم مئی کو سرحد پار سے دہشتگرد حملے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہو گئے تھے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج کو پاک افغان بارڈ ر پر باڑ لگانے ، آپریشن کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور سماجی ترقی کے منصوبوں اور ٹی ڈی پیز کی بحالی سے بھی آگاہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے علاقے میں استحکام کے لئے کردار اور جوانوں کے بلند حوصلوں کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان افغان مفاہمتی عمل کی کامیابی اور خطے میں امن کیلئے مثبت کردار جاری رکھے گا۔آرمی چیف نے کہا کسی بھی غیر متوقع صورتحال کے لئے تیار ہیں،بارڈر کا انتظام بہتر کرنے کیلئے باڑ لگا رہے ہیں، نئے قلعے اور پوسٹیں بنائی جارہی ہیں اور ایف سی اہلکاروں کی تعداد بھی بڑھائی جارہی ہے ،اسی طرح مشرقی سرحد پر بھی چوکس ہیں اور پیشہ وارانہ تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا پاکستان کو اب بھی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن یہ اتنے نہیں ہیں، جتنے ماضی قریب میں تھے ، کامیابی کی جانب سفر جاری رکھنے کیلئے ہمیں صبر ، عزم اور اتحاد کی ضرورت ہے ۔