اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،وقائع نگار) معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ سماجی خدمات میں نوجوانوں نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا، نوجوان بے غرض ہو کر خدمت خلق کا کام انجام دیں، وزیراعظم نے مستحق افراد کے گھروں میں اشیا ضروریہ پہنچانے کی ذمہ داری ان نوجوانوں کے سپرد کی جو سماجی کام میں عمران خان کا ہمیشہ دست و بازو بنے ، لفظ ’’ٹائیگر‘‘کو کسی سیاسی جماعت سے منسوب نہ کیا جائے ۔جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سماج کی خدمت کرنیوالا ہر نوجوان ٹائیگر ہے ، عمران خان انہیں تب سے ٹائیگر قرار دے رہے ہیں جب وہ سیاست میں بھی نہیں آئے تھے ، تمام سیاسی جماعتوں سے التماس ہے کہ الفاظ کی بجائے کاز کو اہمیت دیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمیں ایک ٹیم بن کر کورونا جیسے دشمن کو شکست دینی ہے ، نوجوان قومی خدمت کے مشن میں عمران خان کا ساتھ دینے کیلئے خود کوسٹیزن پورٹل پر رجسٹر کرائیں۔ایک اور ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جاپان کی جانب سے کورونا وائرس کی وبا کیخلاف2.16 ملین ڈالر کی امداد کا خیر مقدم کرتے ہیں، چابان نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا ۔