اسلام آباد(نامہ نگار،نیوزایجنسیاں)چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کسی مقدمہ میں ضمانت ہونا مقدمے کا منطقی انجام نہیں ہوتا، بدعنوانی ایک ایسی لعنت ہے جو تمام برائیوں کی جڑ ہے ،ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ آج پوری قوم کی آواز ہے ۔ نیب اعلامیہ کے مطابق ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے چئیرمین نیب پرعزم ہیں، اس وقت 900 ارب روپے سے زائد کے 1229 کرپشن ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر ہیں جبکہ عوام اور اداروں نے نیب کی کارکردگی پر اظہاراطمینان کیا ہے ۔ چئیرمین نیب نے منصب سنبھالنے کے بعد پنجاب کی 56کمپنیوں میں کرپشن، آٹا، چینی سکینڈلز، ادویات کی قیمتوں میں اضافے اور جعلی ہائوسنگ سوسائٹیز سمیت بڑے کرپشن کیسز کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دیا، اس کے علاوہ جعلی نجی ہاوسنگ سوساٹیوں/کو آپریٹو سوسائٹیوں کی طرف سے عوام کی لوٹی گئی اربوں روپے کی رقوم کی واپسی اورمضاربہ /مشارکہ سکنیڈل میں45ملزمان کی گرفتاری کے علاوہ اشتہاری اور مفرور افراد کی گرفتاری شامل ہے ۔ کرپشن کے خلاف کھلی کچہریاں لگا کر 3500شکایات پر فوری ازالہ کیا گیااور نیب کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے اصلاحات متعارف کروائیں۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل، پلڈاٹ اور ورلڈ اکنامک فورم نے بھی قومی احتساب بیورو کی کارکردگی کو سراہا۔ نیب نے بدعنوانی کے مقدمات میں ملزمان کی ضمانت کے فیصلوں کے خلاف متعلقہ عدالتوں میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بدعنوانی کے ملکی ترقی و خوشحالی پر مضر اثرات کے پیش نظر نیب کا قیام عمل میں لایا گیا تا کہ لوگوں کی حق حلال کی کمائی ہوئی لوٹی گئی رقم برآمداور بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جاسکے ۔ جسٹس جاویداقبال نے اپنی تعیناتی کے بعدبیوروکی کارکردگی کو مزیدبہتر بنانے اور اسے انسداد بد عنوانی کا فعال ادارہ بنانے کے لئے نہ صرف زیرو ٹالرینس اور خود احتسابی کی پالیسی اپنائی بلکہ وہ کسی بھی دبائو کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے میرٹ ، شواہد اور قانون کے مطابق بدعنوان عناصر کو گرفتار کرنے اور انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کا جوعزم کے ا اس پر قانون کے مطابق سختی سے عمل کرنے پریقین رکھتے ہیں۔نیب پر پلڈاٹ کی رپورٹ کے مطابق عوام کا اعتماد 42 فیصد ہے جبکہ پولیس پر 30 فیصد ہے ۔ چیئرمین نیب نے ہیڈکوارٹرز میں گزشتہ 28ماہ کے اند29ایگزیکٹو بورڈ زمیٹنگز کیں ۔ نیب سارک ممالک کے لئے رول ماڈل اور پاکستان سارک انٹی کرپشن فورم کا پہلا چیئرمین ہے ۔ جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں نیب کا ایمان اور منزل کرپشن فری پاکستان ہے ۔