کراچی (نمائندہ92نیوز) کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے پہلے مریض یحیٰ جعفری نے چلڈرن ہسپتال کو اپنا پلازمہ عطیہ کردیاجسے وائرس سے متاثرہ مریضوں کی زندگی بچانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ایف ڈی پلازمہ استعمال کر کے اینٹی باڈیز بنائی جائیں گی۔اس پیش رفت کا اعلان چلڈرن ہسپتال کراچی کے سی ای او اورمعروف ہیما ٹالوجسٹ ڈاکٹر ثاقب انصاری نے پاکستان میں کورونا وائرس کے پہلے مریض یحییٰ جعفری ،ان کے والدین اور معروف کرکٹر رومان رئیس کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ انہیں کسی حکومتی فنڈ ،اضافی ورک فورس یا مشینری کی ضرورت نہیں ،جو مشینیں ڈینگی کے علاج کے لیے پلازمہ پراسس کرنے کے کام آتی ہیں انہی مشینوں کو کورونا کے علاج کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس تربیت یافتہ عملہ موجود ہے جس کے ذریعے ہم کورونا وائرس سے متاثرہوکراب صحت مندہونے والے مریضوں کے جسم سے پلازمہ حاصل کرکے اس سے متاثرہ مریضوں کا علاج کر سکتے ہیں۔