اسلام آباد ،مسقط(وقائع نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 15 سے 17 جنوری تک واشنگٹن اور نیویارک کا دورہ کریں گے ۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیر خارجہ آج نیویارک اور کل واشنگٹن کا دورہ بھی کریں گے ، وزیر خارجہ نیویارک میں سیکرٹری جنرل سمیت اقوام متحدہ ،واشنگٹن میں مائیک پومپیو اور قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ او برائن اور انتظامیہ کے دیگر اعلی عہدیداروں سے ملاقات کریں گے ۔ وزیر خارجہ کیپیٹل ہل پر ملاقاتوں کے علاوہ میڈیا ، تھنک ٹینک سے بھی ملاقات کریں گے ۔وزیر خارجہ ملاقاتوں میں مقبوضہ کشمیر اور مشرق وسطی سمیت خطے کی موجودہ صورتحال پر بات چیت کریں گے ۔ملاقاتوں کا مقصد سیاسی اور سفارتی ذرائع سے اختلافات اور تنازعات کے خاتمے اور ان کے حل کی کوششوں کی حمایت کرنا ہے ، افغان امن اور مفاہمت کے عمل میں پاکستان کے کردار اور معاونت جاری رکھنے کے عزم کو بھی اجاگر کریں گے ۔قبل ازیں وزیر خارجہ نے عمان کے سلطان حیثم بن طارق السعید سے ملاقات کی اور ان کیساتھ وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی قوم کی طرف سے سابق فرمانروا سلطان قابوس کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا،انہوں نے نئے سلطان کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی،ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا عمان کیساتھ تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں یہاں 2 لاکھ 70 ہزار پاکستانی انتہای محنت اور جانفشانی سے عمان کی معاشرتی و اقتصادی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔