کراچی(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹرسراج الحق نے کہاہے کہ آج کراچی کی خواتین نے بھی سڑکوں پر نکل کراور کشمیری خواتین اور عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کر کے ثابت کردیاہے کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پرہے ،کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ،کراچی سے چترال تک قوم کو منظم کریں گے ، یہ کسی زمین کے حصول کی لڑائی نہیں اسلام اور نظریے کی جنگ ہے ،امید ہے کہ بھارت کے اندر ایک اور پاکستان بنے گااورمقبوضہ کشمیرمیں آزادی کاسورج ضرورطلوع ہوگا،ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت نیو ایم اے جناح روڈ پر کشمیریوں کے حقوق سلب کرنے کے خلاف خواتین کے ایک بڑے احتجاجی مظاہرے سے آڈیوخطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ کراچی مظاہرے میں ماؤں، بیٹیوں اور بہنوں نے شریک ہوکر مظلوم کشمیریوں کو مزید حوصلہ دیا ہے ، مقبوضہ کشمیر کو اس وقت جیل خانہ بنادیا گیا ،چوک، چوراہوں اور گھروں پر فوج کھڑی ہے اورمکمل طور پر کرفیولگادیا گیا ہے ،بھارتی درندوں نے ماؤں کے سامنے ان کے بچوں کو ذبح کیا اور ان کی بیٹیوں کی عصمت دری کی، لیکن افسوس ہے کہ ساری دنیا اس پر خاموش ہے ، بھارت نے خود شملہ معاہدے کو توڑا ہے تو پاکستان بھی آگے بڑھ کر شملہ معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کرے اور اپنی فوج کو مقبوضہ کشمیر میں داخل کرے ۔حا فظ نعیم الرحمنٰ نے کہا کہ آج کراچی میں بعد نماز جمعہ مساجد کے باہر بڑے پیمانے پرمظاہرے ہونگے ۔