جدہ(این این آئی) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام میں بہت سی چیزیں مشترک ہیں، دو غاصب ممالک نہتے مسلمانوں کے حقوق پامال کررہے ہیں۔سعودی عرب کی درخواست پر اسلامی تعاون تنظیم کی کونسل برائے وزرائے خارجہ (سی ایف ایم) کا 16 واں اجلاس ہوا جس میں اسرائیلی وزیراعظم کے مقبوضہ مغربی کناروں سے الحاق کے حالیہ بیان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت سعودی وزیر برائے امور خارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبد العزیز العساف نے کی جبکہ شفقت محمود نے پاکستان کی نمائندگی کی ۔وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ اسرائیلی وزیراعظم کا اعلان سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی اور عالمی امن کیلئے خطرہ ہے ،بھارتی اور اسرائیلی حکومتیں نہتے مسلمانوں کو ریاستی دہشتگردی اور ناقابل بیان مصائب کا نشانہ بنارہی ہیں، دونوںممالک جائز حقوق کی جہدوجہد کو دہشتگردی سے منسوب کر کے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوںنے مزید کہا مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو اوآئی سی سے بہت توقعات ہیں، ہم سب کو مل کر ان کی جدوجہد، حقوق، وقار اورجانوں کا تحفظ کرنا ہوگا۔