لاہور (پ ر ) نظریۂ پاکستان حقیقت میں نظریۂ اسلام ہے جس کی بنیاد پر پاکستان حاصل کیا گیا۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کے بعد اب وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ بھارت کے ٹوٹنے کی بنیاد رکھ دی گئی ہے اور جلد بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیگا۔ مشاہیر تحریک پاکستان اعلیٰ کردار کے حامل افراد تھے اور ان کے قول وفعل میں کوئی تضاد نہیں تھا۔ ہم پاکستان کو قائداعظمؒ ، علامہ محمد اقبالؒ اور مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی خواہشات کے مطابق ایک جدید اسلامی جمہوری فلاحی ملک بنانا چاہتے ہیں۔ اس نظریاتی اجتماع کا مقصد اُن جذبوں اور ولولوں کو از سر نو ابھارنا ہے جو تحریکِ پاکستان کے دوران مسلمانانِ ہند کے دل و دماغ میں موجزن تھے ۔ ان خیالات کااظہار پروفیسر رفیق احمد ،میاں فاروق الطاف،جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان ودیگر نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں بارہویں سالانہ سہ روزہ نظریۂ پاکستان کانفرنس کے دوران کیا۔ کانفرنس کا کلے دی موضوع’’کشمیر بنے گا پاکستان ‘‘ تھا۔ اس موقع پر کارکنان تحریک پاکستان ، اساتذۂ کرام ، ملک بھر سے آئے نظریۂ پاکستان فورمز کے عہدیداران ، اہل علم ودانش سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات کی بڑی تعداد موجود تھی ۔