لاہور(جنرل رپورٹر،اپنے رپورٹر سے )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے تاریخ میں وہ موڑ جلد آئے گا جب کشمیر بنے گاپاکستان، اگر مقبوضہ کشمیر میں امن ہے تو بھارت دنیا کووہاں آنے کیوں نہیں دیتا، بھارت کا کشمیریوں کی جدوجہد کو دہشتگردی سے جوڑنے کا پراپیگنڈا ناکام ہو چکا،ہماری کوشش ہے دنیا کے سامنے کشمیر کی اصل حقیقت لائیں، بھارت نے کبھی بھی اپنے ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات نہیں رکھے ، بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصر وفد کے لیے کشمیر کے راستے کھولے ۔نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام 12ویں سالانہ سہ روزہ نظریہ پاکستان کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہاہم نے کشمیر کے معاملے پر جو راستہ اختیار کیا آج ثابت ہوا وہ درست تھا، مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریکوں کے پیچھے پاکستان کے ملوث ہونے کا بھارتی پراپیگنڈا پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ، آزادی کشمیر وہاں کی عوام کے امنگوں کی تحریک ہے ، پاکستان نے پوری دنیا کو پیغام دیا کہ ہم امن پسند قوم ہیں ،وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کیلئے عالمی سطح پرجو کردار ادا کیا اس پرانہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستان اب مضبوط اور مستحکم ملک بن کر آگے کی طرف بڑھ رہا ہے ، بھارت اپنی ہی قوم کو تباہ کرنے کے راستے پر چل رہا ہے لیکن ہمیں اس بات کی خوشی نہیں کیونکہ وہاں مسلمانوں کو جب بھی نقصان پہنچے گا اس کا ہمیں دکھ ہو گا،بھارت یہ ماننے کو تیار ہی نہیں کہ وہاں مغلیہ حکومت قائم رہی، اس کا بس چلے تو وہ تاریخ مسخ کر دے مگر بھارت کو یہ تسلیم کرنا ہو گا کہ کشمیریوں کو آزادی ان کی امنگوں کے مطابق ملنی چاہیے ۔ کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے کو نئی نسل میں روشناس کرنے کی اشد ضرورت ہے ، دنیا کو مسلسل بتانا ہو گا کہ بھارت کشمیر میں کیا مظالم ڈھا رہا ہے ، کیا ایک لاکھ کشمیریوں کی قربانیاں کافی نہیں، مشکل حالات اور آزمائشوں پر قابو پا لیا،ہم مستحکم قوم بن گئے اور قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے نظریے کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں، ابھی ہمیں بہت سے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔صدر عارف علوی نے گریٹر اقبال پارک میں پودا لگا کر شجر کاری کا افتتاح بھی کیا۔