اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے پانچ ماہ میں سلامتی کونسل کا دوسری بار اجلاس عالمی سطح پر کشمیر کے مسلمہ تنازع ہونے کا واضح اعتراف ہے جو سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود اور غور طلب ہے ۔ 5 اگست کے یکطرفہ بھارتی اقدام کے بعد سلامتی کونسل کی دوسری بیٹھک ہماری سفارتی کامیابی ہے ۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے جائز، قانونی اور جمہوری حقوق کی گونج دنیا کے سب سے بڑے فورم پر سنائی دے رہی ہے ۔ بھارتی دعووں کی پھر نفی ہوئی کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے عالمی برادری کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے حق خودارادیت کے عہد کو نبھائے ۔ وزیراعظم عمران خان نے جس جرا ت اوردلیری سے کشمیریوں کا مقدمہ لڑا ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خطے میں کشیدگی اور تناؤ کم کرنے میں پاکستان کے کردار کی تعریف خوش آئند ہے ۔ پاکستان عمران خان کی قیادت میں متحرک، فعال اور امن پسند ملک کی شناخت پارہا ہے ۔