بیجنگ(نیٹ نیوز )چین نے مسئلہ کشمیر پر ایک بار پھر بھارت کو واضح پیغام دیدیا۔ چین نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں بھارت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کشمیر متنازعہ علاقہ ہے اور اس مسئلے کے حل کیلئے بھارت کو اقوام متحدہ کے چارٹر پر عملدرآمد اور سلامتی کونسل کے ارکان کی رائے کا احترام کرنا ہوگا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے بتایا مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس میں چین نے کونسل کو کشمیر کی موجودہ صورتحال پر خصوصی توجہ دینے اور بھارت سے اقوام متحدہ کے چارٹر پر عملدرآمد کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ترجمان نے کہا چین نے سلامتی کونسل پر مسئلہ کشمیر کے حل اور تناؤ کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنے پر بھی زور دیا اور کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کو سلامتی کونسل کے ارکان کی رائے کا احترام کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اپنے اقدامات پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔سلامتی کونسل نے 15 جنوری کے اجلاس میں بھی صورتحال کا مفصل جائزہ لیا اور چین سمیت سلامتی کونسل کے ارکان نے بھی مقبوضہ کشمیر پر کھل کر گفتگو کی اور موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔