نیویارک( نیٹ نیوز) امریکی ایوان نمائندگان کی امور خارجہ کمیٹی کے چیئرمین ایلیٹ اینگل نے مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال پر آئندہ چند ماہ میں کانگریس میں قرارداد لانے کا وعدہ کیا ہے ۔ ایک انٹرویو میں ایلیٹ اینگل نے یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے پر پردہ نہیں ڈالا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ اس معاملے کو امور خارجہ کمیٹی کو دیکھنا ہو گا ۔ انہوں نے بھارت کے چیف آف ڈیفنس سٹاف کے اس بیان پر شدید تذبذب کا اظہار کیا کہ انتہا پسندی ختم کرنے کے نام پر کشمیری بچوں کو بھارتی کیمپوں میں ڈالنے کی پالیسی اپنانے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایسی چیزیں ہو رہی ہیں جو اراکین کانگریس ہی نہیں دیگر افراد کے لیے بہت پریشان کُن ہیں۔ایلیٹ اینگل نے واضح کیا کہ و ہاں کی صورتحال پر بہت سے لوگوں کو تشویش ہے اور وہ ان معاملات کو بھارت کے سامنے اچھی طرح اٹھائیں گے ۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اس معاملے سے ہر صورت نمٹا جائے گا۔اس سوال پر کہ آیا کانگریس بھارت کو مجبور کرے گی کہ وہ پانچ اگست کا اقدام واپس لے ،چیئرمین امور خارجہ کمیٹی نے کہا کہ کانگریس کے نکتہ نظر سے ایوان نمائندگان اور امور خارجہ کمیٹی کے نکتہ نظر سے کشمیر ایک اہم ایشو ہے جسے ہم ضرور دیکھیں گے ۔