نیو یارک،لندن،برسلز،ولنگٹن،ٹوکیو(بیورو رپورٹ، 92نیوزرپورٹ،نیٹ نیوز،نیوزایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) مودی سرکار کی طرف سے ریاست جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے ،کشمیریوں سے اظہاریکجہتی ،مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کیخلاف دنیا بھر میں پاکستانی ، کشمیری،بنگالی،یورپی اور سکھ کمیونٹی نے احتجاجی مظاہرے کئے اور بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا۔امریکہ، برطانیہ،نیوزی لینڈ،ٹوکیو، ڈنمارک،سپین،بیلجیئم،جرمنی ،جاپان اور دیگرممالک میں ہزاروں افرادسڑکوں پرنکل آئے ،پورایورپ بھارت مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا،ملائیشیامیں 159انسانی حقوق کی تنظیموں نے کوالالمپورمیں بھارتی ہائی کمیشن کواحتجاجی مراسلہ دیا۔لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہربرطانیہ کی تاریخ کا سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیاگیا جس میں برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ نذیر احمد سمیت ہزاروں پاکستانی،کشمیری،سکھ اور دیگر کمیونٹی کے افرادشریک ہوئے ،ذرائع کے مظاہرے میں 40 ہزار افراد نے شرکت کی،مظاہرین نے بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور کشمیر بنے گا پاکستان، خالصتان کی تحریک کے حق میں نعرے لگائے اور آزادی کے بینر لہرا دیئے ، بھارتی پرچم پاؤں تلے روندا،بھارتی ہائی کمیشن کے چاروں اطراف بچوں اورخواتین نے دھرنا دیا،بھارتی ہائی کمیشن کاسٹاف دفترمیں محصورہوکررہ گیا اور مدد کیلئے پولیس طلب کرلی،کسی بھی ناخوشگوارصورتحال سے نمٹنے کیلئے لند ن پولیس کی بڑی تعدادموجودرہی، مظاہرے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔سابق رکن برطانوی پارلیمنٹ جارج گیلووے نے کہا مودی دنیا کو جوہری جنگ کے دہانے پر لے گئے ہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بیرون ملک مقیم پاکستانیز زلفی بخاری نے کہا میرے خیال سے یہ ریکارڈ ٹرن آئوٹ ہے ۔چاچا پاکستان چوہدری عبدالجلیل بھی مظاہرے میں شریک ہوئے ۔مانچسٹر میں مظاہرین سے خطاب میں وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا 72سال اس دن کا انتظارکرتے رہے ہیں ،کشمیریوں کواندررہ کرآزادی کی لڑائی لڑنی ہے ،یہ ان کا حق ہے ،کشمیری کنٹرول لائن توڑیں تو پاکستان کوساتھ دیناہوگا، کشمیرکامسئلہ اب آگے چلاگیاہے ،پاکستان کے پاس اب پیچھے ہٹنے کا آپشن نہیں،کشمیربھارتی فوج کا قبرستان بن چکا۔نیویارک میں سکھ فار جسٹس اور خالصتان انٹرنیشنل افئیرز نے یوم سیاہ منایااور اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے خالصتان اور کشمیر کے پرچم لہرائے ۔ مظاہرے میں پاکستانی، سکھ اور کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی، بھارتی قونصل خانہ تک مارچ کیا گیا۔یورپی ہیڈکوارٹرز برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے باہر مظاہرہ کیا گیا اور احتجاجی یاداشت بھی بھارتی سفارتخانے کے حوالے کی گئی جس میں مقبوضہ کشمیر میں کرفیوختم ، مظالم بند کرنے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے پر زور دیا گیا۔مظاہرے میں جو کشمیری، پاکستانی، سکھ، بنگالی کمیونٹیز اور متعدد تنظیموں نے شرکت کی۔دی ہیگ میں عالمی عدالت انصاف اوربھارتی سفارتخانے کے سامنے پاکستانی ،کشمیری اورسکھ کمیونٹی نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مودی سرکارکیخلاف نعرے بازی کی۔جرمنی میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے یوم سیاہ پر زبردست احتجاج کیا ۔ نیوزی لینڈ کے دارالحکومت ولنگٹن میں بھارتی سفارتخانے کے باہر اور آکلینڈ اوروائیکاٹو سمیت دوسرے شہروں میں بھارت مخالف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے جس میں پاکستانیوں کے علاوہ کشمیریوں اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔آکلینڈ کے اوٹیا سکوائرپر کشمیر ایسوسی ایشن اور پاکستان ایسوسی ایشن آف نیوزی لینڈ کے زیر اہتمام احتجاجی پروگرام ہوا۔سینٹر سٹریٹجک بورڈ ایڈوائزر آکلینڈ سٹی کونسل اور مقبوضہ کشمیر میں سکولوں کے ساتھ رفاہی کام کر نے والی سوزین ویلٹ نے کہاکشمیر جنت کا ٹکڑا ہے ،اس کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو دنیا قبول نہیں کریگی۔ پاکستان ایسوسی ایشن آف نیوزی لینڈ کے نائب صدر عاصم مختار نے کہا خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کی مدد کرتے رہیں گے ۔ مسلم ایسوسی ایشن کے صدر اخلاق کاشگیری ، کشمیری طالبعلم حارث مرتضیٰ ، لیبر حکومت کے ایم پی مائیکل ووڈ نے بھارت پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری بنداور کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قرار داد وں کے ذریعے استصواب رائے کا حق دے ۔شرکا نے بھارتی وزیر اعظم مودی کے خلاف نعرے بازی کی اور مقبوضہ کشمیر سے فوری طورپر کرفیو ختم کر نے کا مطالبہ کیا ۔جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں سینکڑوں مرد وں،خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔