مظفرآباد( بیورورپورٹ)آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیرمیں نئے ڈومیسائل قواعد کو مسترد کرتے ہوئے بھارتی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ کشمیر کو اپنی کالونی بنانے کی پالیسی ترک کر کے کشمیر کی آبادی کے تناسب کو بدلنے سے باز رہے ۔گزشتہ روز اپنے ویڈیو پیغام میں صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کا یہ قدم سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کر کے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک کو ختم کرنا ہے ۔انہوں نے کہا اس نئے قانون کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ کشمیریوں سے اُن کی ملازمت کے حقوق چھین کر ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کو نوازا جائے ۔ صدرآزادکشمیر نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی بھارتی مظالم پر بے حسی کو افسوناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج دنیا کو کوروناجیسی جس وبا کا سامنا ہے وہ نا انصافی اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم جیسے واقعات پر خاموشی جیسے گناہوں کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ ڈومیسائل قانون جیسے جبری ہتھکنڈوں کا مقصد بھارت کے شہریوں کو مقبوضہ کشمیر میں آباد کر کے کشمیریوں کو اپنی زمین اورگھروں سے بیدخل کرناہے جسے وہ کبھی قبول نہیں کریں گے ۔