لاہور(سٹاف رپورٹر)جرمن سفیر برن ہارڈ سٹیفن شلیگ ہیگ نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کی کشمیر کے حالات پر گہری نظر ہے ،منصورہ میں جماعت اسلامی کی اعلیٰ قیادت سے ایک گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات میں جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ ہم مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں۔ ملاقات میں امیر العظیم ، لیاقت بلوچ ، ڈاکٹر فرید پراچہ و دیگر شامل تھے ۔اس موقع پر لیاقت بلوچ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو ختم کیے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا ۔ عالمی برادری اور حقوق انسانی کی عالمی تنظیموں کو کشمیر میں جاری کرفیو کے خاتمہ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ علاوہ ازیں لیاقت بلوچ نے طلبا، نوجوانوں اور اقلیتوں کے وفد سے گفتگو میں کہاکہ میاں نوازشریف کی صحت پرنااہل حکومت نے سیاسی دھندا کیا اور خود ہی الجھاؤ کا شکار ہوگئی ہے ۔ میری رائے میں میاں نوازشریف کو علاج کے لیے باہر جانے سے انکار کردینا چاہیے ، زندگی موت حکومتوں کا نہیں اﷲ تعالیٰ کا اختیار ہے ۔ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق محفوظ ہیں، نریندر مودی خطہ میں امن ، خوشحالی اور استحکام کی بجائے صرف اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے تحت جموں و کشمیر کو ہڑپ کرنے اور بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کے ہدف پورے کر رہے ہیں ، طلبا اور نوجوان نسل اسلامی ، خوشحال اور مستحکم پاکستان کی اہم بنیادہے ،ان کی طاقت سے ملک کو بحرانوں سے نجات دلائیں گے ۔