لاہور(جنرل رپورٹر) آزادی کشمیر کا پیغام پوری دنیا میں موثر انداز میں پہنچ رہا ہے جس کا سہرا نئی نسل کے سر ہے ۔ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور انسانی حقوق کی پامالی کی تلخ حقیقت اقوام متحدہ کے جواز پر سوالیہ نشان ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں کشمیر یکجہتی کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ کانفرنس سے چیئرمین کشمیر کمیٹی اور وفاقی وزیر شہر یار آفریدی، وائس چانسلر ڈاکٹر بشریٰ مرزا، سلمان عابد، منذر الٰہی ، چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن کنیز فاطمہ اورچیئرمین کشمیر کمیٹی رائے نواز کھرل نے خطاب کیا۔وفاقی وزیر شہر یار آفریدی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہونے والا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم اور بھارتی بربریت کو اجاگر کرنے کیلئے کانفرنس میں"لہو لہو بہشت"کے عنوان سے طالبات نے ڈرامہ پیش کیا اور پینٹینگز کی نمائش کی گئی جس کا افتتاح وفاقی وزیر اور وائس چانسلر نے کیا ۔