اسلام آباد ،مظفرآباد،کراچی (آن لائن، بیورو رپورٹ،سٹاف رپورٹر )آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کیلئے بھارت کے ساتھ جنگ ضرور ہو گی اور یہ جنگ افواج پاکستان کے ساتھ پوری قوم جوش و جذبے کے ساتھ لڑے گی لیکن ایسی کسی جنگ سے پہلے ہمیں اپنے اندر اتحاد و اتفاق اور 1947 ء والا جذبہ پیدا کرنا ہو گا اور پاکستان کو معاشی اور دفاعی اعتبار سے مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ دشمن کی حکمت عملی اور منصوبہ بندی کا مکمل ادراک کرنا ہو گا کیونکہ ہم جنگ جیتنے کیلئے لڑیں گے ۔ یہ بات اُنہوں نے ایوان صدر مظفرآباد میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ کانفرنس سے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام ، سردار عتیق احمد خان ، میجر جنرل (ر) سعد خٹک ، سید عبداﷲ گیلانی، الطاف اندرابی ، ڈاکٹر مجاہد گیلانی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔ کراچی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیرراجہ فاروق حیدرنے کہا ہے کہ کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے اسکے لئے کسی بھی حد تک جانا ہوگا،کشمیرکیلئے جنگ مہنگا آپشن نہیں،کشمیرکے بعد مودی کا نشانہ کراچی اورپشاورہوگا،بھارت کی نظریں اب پاکستان کا پانی بندکرنے پرہیں،اکھنڈ بھارت کی راہ میں صرف پاکستان رکاوٹ ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے راجہ محمد فاروق حیدرسے ملاقات کی اورمیرپورمیں زلزلے سے متاثر ہونیوالاایک اسکول گود لینے کی خواہش کااظہارکیا،مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کیلئے کشمیربھائیوں اوربہنوں کیلئے بہت زیادہ عزت احترام اورپیارہے ۔