لاہور(جوادآراعوان) کشمیر کے مسئلے پر نئی سفارتی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔نئی سفارتی مہم کی تیاری کیلئے تمام اہم مغربی ،مشرق وسطی اور دیگر ممالک میں سفارتخانوں کو ہدایات دے دی گئیں جبکہ او آئی سی پلیٹ فارم سے مسئلے کے حل کیلئے زوردار موقف سامنے لانے پر بھی کام شروع کر دیا گیا۔اعلی حکومتی عہدیدران نے اعلیٰ سفارتی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے روزنامہ 92نیوز کو بتایا کہ بھارت نے پاکستان کی سفارتی مہم کے اثرات کو کم کرنے کیلئے امریکہ اور یورپی ممالک میں لابنگ شروع کر دی جس میں ان کی سیاسی اشرافیہ کو ٹارگٹ کر کے پاکستان مخالف موقف کا ہمنوا بنانے کی کوشش جاری ہے جبکہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے نئی مہم کی تیاری میں تمام اہم مغربی ،مشرق وسطی اور دیگر ممالک میں سفارتخانوں کو ہدایات دیدی ہیں،مسئلے کے حل کیلئے او آئی سی پلیٹ فارم سے بھی زوردار موقف سامنے لانے پر کام شروع کردیا گیاہے ۔انہوں نے بتایا تمام اہم مغربی ممالک اور مشرق وسطی کی ریاستوں میں تعینات سفارتکاروں کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہی مہم کو تیز کرنے کا کہا گیا ہے ۔نئے سفارتی ہدف میں امریکہ،برطانیہ،فرانس اور جرمنی سر فہرست ہیں جبکہ خطے کے اہم ممالک میں روس کو فوکس کیا جائے گا۔چین جو مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور کشمیریوں کے موقف کی سپورٹ کر رہا ہے کو مزید متحرک کردار ادا کرنے کی درخواست بھی کی جائے گی، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے نئی سفارتی مہم کی تیاری میں غیرسفارتی چینلز کو بھی بروئے کار لایا جائے گا جس میں سابق سفارتکار وں ،تھنک ٹینکس، دیگر متعلقہ گروپس اور لوگوں کو شامل کیا جائے گا۔