لاہور(نمائندہ خصوصی سے )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور رگ جاں ہے ۔مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے ۔ نریندرمودی سرکار کاکشمیر ہڑپ کرنے کا تازہ شیطانی بھیانک وار بھی ناکام ہوگا۔ کینیڈا اور ناروے سے آئے ہوئے پاکستانی حجاج کے ساتھ ظہرانہ اور کافی نشست میں خطاب اور سوال و جواب میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارتی ناجائز قابض فوج بربریت انسانی حقوق کی پامالی اور پوری دنیا کے ضمیر کو جھنجوڑ رہی ہے ۔عالمی اداروں اور قوتوں کو جانبداری ،بے حسی ،لاتعلقی ترک کرکے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہندوستان پر دبائو بڑھانا ہوگا۔ہمارا یقین ہے کہ کشمیری اپنی لازوال جدوجہد میں کامیاب ہوں گے ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت نے تمام امیدیں اور توقعات خاک میں ملادی ہیں۔یوٹرن حکمت عملی نے ملک کو اقتصادی ،سیاسی ،احتسابی ،انتخابی و پارلیمانی بحرانوں میں ڈبو دیا ہے ۔