لاہور،اسلام آباد،راولپنڈی،مظفر آباد، ملتان، ہارون آباد،وہاڑی ،جتوئی،رحیم یارخان،فتح پور ، لیاقت پور،فیصل آباد،(سٹاف رپورٹر،اپنے خبر نگار سے ،سپیشل رپورٹر،رپورٹر92نیوز،خصوصی رپورٹر،سٹی رپورٹر ، ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ 92نیوز،خبر نگاران)بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے اور کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کیخلاف مرکزی علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھرمیں ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ منایا گیا۔ لاہور ،اسلام آباد،کراچی ، آزاد کشمیر ،فیصل آباد ، مظفرآباد،ملتان ،پشاور ،کوئٹہ،جہلم،گجرات،راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں ۔ مرکزی علماء کونسل سے منسلک علماء ،خطبا،آئمہ نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو تبدیل کرنے کی شدید مذمت کی۔ جمعہ کے اجتماعات میں منظور کی گئیں قراردادوں میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے ساتھ سفارتی وتجارتی تعلقات مکمل طور پر ختم کئے جائیں،اقوام متحدہ،اوآئی سی بھارت کے جارحانہ اقدامات کا نوٹس لیں،لاہور میں دینی جماعتوں نے نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے کیے ۔ مظاہرین نے بھارتی ترنگا نذر آتش کیا، بھارتی جارحیت کیخلاف اور مظلوم کشمیریوں کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے پاک فوج کے شانہ بشانہ بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، لاہور پریس کلب کے باہر نماز جمعہ کے بعدمختلف دینی جماعتوں کے احتجاج کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا، جمعیت علماء اسلام (ف)نے مولانا محمد امجد خان کی قیادت میں۔ سنی علماء کونسل لاہور نے حافظ حسین احمد ۔ مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے علامہ حسن ہمدانی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے کیے جبکہ علامہ خادم حسین رضوی کی قیادت میں تحریک لبیک پاکستان اورڈاکٹر محمداشرف آصف جلالی کی قیادت میں تحریک لبیک اسلام ،قاری زوار بہاد ر کی قیادت میں جمعیت علماء پاکستان، پروفیسر عبدالستار حامدکی قیادت میں مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان نے بھارتی جارحیت کیخلاف ریلی نکالی، سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر میں کشمیری مظلومین کی حمایت اور فاشسٹ ہندوستانی حکمران مودی کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، جنوبی پنجاب میں بھی نماز جمعہ کے بعدآٹھ اضلاع میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، ملتان میں مرکزی ریلی نماز جمعہ کے بعد امام بارگاہ ابوالفضل العباس سے نکالی گئی،ہارون آباد، وہاڑی ، دربار عالیہ کوٹ مٹھن شریف،رحیم یار خان ، فتح پور میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور ظلم کے خلاف اور مظلوم کشمیریوں کے حق میں عظیم الشان یکجہتی کشمیر ریلی انعقاد کیا گیا ،ادھروزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کی کال پرجمعہ کے روز آزاد کشمیر بھر میں یوم دعا و یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ آزاد ریاست جموں وکشمیر کے تمام ڈویژنل و ضلعی ہیڈکوارٹرز سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں نماز جمعہ کے بعد مساجد میں تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور شہداء کشمیر کے لئے خصوصی دعائیہ تقاریب منعقد کی گئیں۔ نماز جمعہ کے بعد شہری سڑکوں پر نکل آئے اور ہندوستان مخالف ریلیاں نکالیں اور کشمیریوں سے زبردست یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے نریندر مودی کے پتلے نذر آتش کیے اور پلے کارڈز اٹھا کر مقبوضہ وادی کے عوام سے زبردست اظہار یکجہتی کیا،کشمیر جرنلسٹس فورم کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں کرفیو، میڈیا پر قدغنوں، بھارتی ظلم و تشدد اور کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے اقدامات کے خلاف اقوام متحدہ کے مبصر مشن کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نام یادداشت بھی پیش کی گئی ، یادداشت میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے مسئلہ کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے ، عالمی برادری بھارت کا سماجی بائیکاٹ کرے ،چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے فیصل آباد میں مرکزی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ و زیراعظم دوست ممالک کے ہنگامی دورے کریں،پاکستان کھل کر خالصتان کی حمایت کرے ،پاکستان انٹرنیشنل مشائخ کونسل کی اپیل پر ملک بھر کی 700سو سے زائد درباروں پر یوم یکجہتی کشمیرمنایاگیا،ملک بھرکے سجادہ نشین ،پیران عظام،مشائخ نے کشمیرکے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کی قرار دادیں پاس کیں،لاہور میں دارالعلوم حنفیہ لبرٹی مارکیٹ میں پاکستان انٹرنیشنل مشائخ کونسل کے چیئرمین خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ کی زیرصدارت یکجہتی کشمیر کانفرنس کاانعقاد کیاگیا ، پاکستان پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن ( رجسٹرڈ ) کے زیراہتمام جنرل ہسپتال لاہور میں کشمیر کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی گئی،راولپنڈی میں شباب اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی،راولپنڈی پریس کلب کے باہرسنی تحریک کے ڈویژنل صدرعلامہ طاہراقبال چشتی اور ضلعی صدرعلامہ عمران نظامی کی قیادت میں ایک بڑااحتجاجی مظاہرہ کیاگیا ، تحریک لبیک پاکستان راولپنڈی کے زیر اہتمام مظلوم کشمیری مسلمانوں کی حمایت میں اور بھارت کی طرف سے ریاستی حیثیت کی تبدیلی کے فیصلے کے خلاف پیر سید عنایت الحق شاہ سلطان پوری کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی،شرکاء نے کشمیریوں سے رشتہ کیا، لا الٰہ الا اللہ؛ پاکستان کا مطلب کیا، لا الٰہ الااللہ؛ مودی کا جو یار ہے ، غدار ہے کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، بھارتیو! کشمیر چھوڑ دو، کشمیر کی تقسیم نامنظور نامنظور فلگ شگاف نعرہ بازی کی،شیعہ علماء کونسل پاکستان نے قائد ملت جعفریہ پاکستان کے حکم پر ملک بھر میں ملت جعفریہ نے یوم جمعہ کو کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم احتجاج کے طور پر منایا۔