لاہور(92 نیوزرپورٹ،صباح نیوز)صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے کہا ہے دشمن پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، پاکستان کا ایٹمی طاقت بننا سب سے بڑی کامیابی ہے ، وطن کے تحفظ اور سالمیت پر آنچ نہیں آنے دیں گے ،مودی حکومت نے کشمیروں پر جبر کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے ، کشمیریوں کو ان کے حقوق دلواانا ہم پر فرض اورقرض ہے ۔جشن آزادی کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا73 سال قبل قائد اعظم کی انقلابی لیڈر شپ میں 14 اگست 1947 کو پاکستان وجود میں آیا تو یہ تاریخ کا ایک انہوناواقعہ تھا۔ پاکستان دہائیوں اور صدیوں پر محیط عظیم قربانیوں کا نتیجہ تھا جو ایک دیانتدار، محنتی شخص کی لیڈر شپ میں سر انجام پایا، لوگوں نے پاکستان کی جانب اپنی عزت اور وقار کو بچانے کے لیے تاریخی ہجرت کی۔ پاکستان بہت قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیا گیا، وہ قومیں آزاد نہیں ہوتیں جو معاشی طور پر مضبوط نہ ہوں، آج اگر پاکستان ایٹمی طاقت ہے تو دوسری طرف ایک ہاتھ میں کشکول بھی ہے ، وقت کی ضرورت ہے کہ کشکول کوتوڑاجائے ، جس طرح پاکستان ایٹمی طاقت بنا اسی طرح ہم اس کشکول کو توڑ سکتے ہیں، آج آئی ایم ایف کا اتنا دبا ئوہے کہ رواں برس ہم تنخواہ دار طبقے کی تنخواہ نہیں بڑھا سکے ۔ نواز شریف کے دور میں نئے اور جدید ہسپتال بنائے گئے ، مفت دوائیں ملتیں اور علاج ہوتا تھا، آج یہ تمام سہولتیں ختم کردی گئی ہیں،لوڈشیڈنگ ہورہی ہے توموجودہ حکومت کی بدترین نااہلی کی بدولت ہے ، مسلم لیگ (ن)کا وہ کونسا منصوبہ ہے جس میں کرپشن ہوئی ہو۔ اگر ہمیں پاکستان کو دنیا میں مقام دلانا ہے تو جھوٹ، الزام تراشی کی سیاست کو ختم کرنا اور شفاف احتساب کو فروغ دینا ہوگا ورنہ آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ 73 سالوں بعد آج دیکھ لیں بنگلہ دیش اور سری لنکا کہاں پر ہیں، افغانستان کی کرنسی کہاں پر ہے اور ہماری معاشی حالت کیسی ہے ۔شہباز شریف نے اس سے قبل قومی پرچم لہرایا۔