اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے آزادکشمیر الیکشن میں کامیابی پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ گزشتہ روزاپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاتحریک انصاف پراعتماد کرنے پرآزاد کشمیرکے عوام کا شکر گزار ہوں، انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کشمیری عوام کو غربت سے نکالنے کیلئے احساس اور کامیاب پاکستان پروگرام پر توجہ دیں گے ۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت میں احتساب اور شفافیت ممکن بنانے کیلئے ہر اقدام کرینگے ، کشمیر کا سفیر ہونے کی بنا پر تمام عالمی فورمز پر کشمیر کی آوازا ٹھاتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا آزاد کشمیر کے عوام نے ووٹ دے کر پی ٹی آئی پر اعتماد کا اظہار کیا، اب ہمارا فوکس آزاد کشمیر سے غربت کے خاتمے پرہوگا۔عمران خان نے ایک اور ٹویٹ میں آزادکشمیرالیکشن کے دوران 2پارٹی ورکرزکے قتل پراظہارافسوس کیا اور کہا کہ آئی جی آزادکشمیرکوقاتلوں کی گرفتاری کی ہدایت کی ہے ،دونوں ورکرزکے لواحقین کوانصاف دلائینگے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے اسلام آباد میں 10 بلین ٹری شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ماضی میں درخت لگانے پر توجہ نہیں دی گئی، گلوبل وارمنگ سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ناگزیر ہے ، آنے والی نسلوں کو آلودگی سے پاک پاکستان دینا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا ماضی میں درخت لگانے کے بجائے ان کو کاٹا گیا، گلوبل وارمنگ کیخلاف ہماری مہم کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے ۔موسم برسات کی شجر کاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے کہا تمام پاکستانی اس مہم میں بھرپور حصہ لیں،ہر پاکستانی اگر کم از کم ایک درخت بھی لگائے تو بہت بڑا نقلاب آ سکتا ہے ، پاکستان ماحولیاتی تحفظ اور گلوبل وارمنگ کے منفی اثرات کم کرنے کے اقدامات میں لیڈ کررہا ہے ۔وزیراعظم نے کہا ہمیں ورثے میں جو ملک ملا ،وہ ماحول کے لحاظ سے بہتر تھا، انگریزوں نے بھی یہاں شجر کاری کی تھی۔وزیراعظم نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کی کہ گھروں ، پارکس سمیت تمام خالی جگہوں پر درخت لگائیں ۔ وزیراعظم نے ایف نائن پارک میں سٹیزن کلب کا دورہ بھی کیا۔ سٹیزن کلب کی عمارت کی تعمیر کا آغاز 2008میں ہوا لیکن اس کی تکمیل التوا کا شکار ر ہی ۔کابینہ نے حال ہی میں اس عمارت کو عوامی مقاصد کے لئے بروئے کار لانے پر غور کیا۔وزیراعظم کے زیرصدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے کہا عوام کو اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمت پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تحصیل و ضلعی انتظامیہ اور مسابقتی کمیشن کے ذریعے اشیائے خوردو نوش کی مناسب قیمتوں کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ منافع خوروں اور مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو سہولت فراہم کی جائے ۔وزیراعظم نے سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات پر پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا پاکستان سیاحت کے اعتبار سے خطے میں سب سے زیادہ وسائل کا حامل ہے اور موجودہ حکومت ان سے مکمل استفادہ کو یقینی بنائے گی۔وزیرِ اعظم نے سیاحت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تقافتی تہواروں کا کیلنڈر تہواروں کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے بنایا جائے ۔ بلوچستان میں سیاحت کے حوالے سے موجود علاقوں کی نشاندہی اور ان کی ترقی کی منصوبہ بندی جلد پیش کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ساحلی پٹی انتہائی خوبصورت اور قدرتی حسن سے مالامال ہے ، وہاں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں جن سے استفادہ کیا جائے گا۔ سرکاری ریسٹ ہاؤسز کے حوالے سے وزیرِ اعظم نے کہا کہ عوامی پیسے سے قائم ہونے والی ان عمارات تک نہ صرف عام عوام کی رسائی یقینی بنائی جائے بلکہ انکو بہتر طریقے سے سیاحوں کو سہولت دینے کیلئے بروئے کار لانے کی منصوبہ بندی پر جلد عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت سندھ سٹریٹجی کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا جس میں سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں وفاقی حکومت کے سیاسی وانتظامی اثرات واضح کئے جائیں گے ۔اجلاس میں آزادکشمیرکے بعدصوبہ سندھ کوسیاسی ہدف بنانے کافیصلہ کیا گیا اور اسی سلسلے میں وزیراعظم عمران خان اگست کے مہینہ سے سندھ کے دورے کریں گے ۔ مزیدبرآں وزیراعظم سے مشیر تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے ملاقات کی ۔وزیرِ اعظم نے وسطی ایشیائی ریاستوں سے تجارتی تعلقات کے استحکام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بشمول ان ریاستوں کے خطے بھر کو سمندر تک رسائی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، مستقبل قریب میں پاکستان کی بندرگاہیں سی پیک کے ذریعے اہم تجارتی راستوں کی بنیاد رکھیں گی۔