اسلام آباد(سہیل اقبال بھٹی)وفاقی وزارتوں اور وزیراعظم سیکرٹریٹ کیلئے کفایت شعاری مہم کے تحت ’’انٹرٹینمنٹ اینڈ گفٹس ‘‘ بجٹ ختم کرنے سے متعلق عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ کفایت شعاری مہم کے نام پر7مئی کو وفاقی وزارتوں اور وزیراعظم سیکرٹریٹ کیلئے انٹرٹینمنٹ اینڈ گفٹس بجٹ ختم کرنے کا اعلان کیا گیا جبکہ درحقیقت فنانس ڈویژن نے انتہائی خاموشی کیساتھ وفاقی کابینہ سے بجٹ کی مد میں مزید 50ملین روپے منظور کرالئے ۔ موجودہ حکومت نے وزیراعظم سیکرٹریٹ اوروفاقی وزارتوں میں انٹرٹینمنٹاینڈ گفٹس کی مد میں 6ماہ کے دوران 175ملین روپے اڑاڈالے ۔ فنڈز ختم ہونے پر فنانس ڈویژن نے 50ملین روپے مزید خرچ کرنے کی منظوری حاصل کرتے ہوئے جون تک 225ملین روپے اس مد میں خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا ہے ۔ 92نیوز کوموصول دستاویز اورمعلومات کے مطابق 7مئی کووفاقی کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ فنانس ڈویژن نے 5مارچ 2019کو کابینہ کیلئے سمری ارسال کی جس میں کہا گیا تھا کہ انٹرٹینمنٹاینڈ گفٹس کے تحت اخراجات کی حد میں 50فیصداضافہ کیا جائے کیونکہ 25فیصد تک اخراجات جس کی منظوری کابینہ نے 14فروری 2019کو دی تھی، یہ رقم استعمال ہوچکی ہے ۔ وفاقی کابینہ نے 19مارچ 2019کو سمری پر غور کیا اور فنانس ڈویژن کو ہدایت کی کہ سمری واپس لے کر اس پر پھر سے غور کیا جائے ۔ فنانس ڈویژن نے سمری کا دوبارہ جائزہ لیا۔ فنانس ڈویژن نے موقف اختیار کیا کہ وزارتوں،کابینہ ڈویژن،وزیر اعظم آفس اور وزارت خارجہ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس،سیمینار اور قومی اور دفاعی دنوں کے حوالے سے تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں اہم شخصیات سمیت غیر ملکی شخصیات شرکت کرتی ہیں اس لیے انٹرٹینمنٹاینڈ گفٹس کی مد میں اخراجات اشد ضروری ہیں۔ فنانس ڈویژن نے سفارش کی کہ کابینہ وزارتوں اور کابینہ ڈویژن کو اجازت دے کہ وہ50ملین روپے کی اضافی رقم اپنی ضروریات کے مطابق موجودہ مالی سال کے باقی عرصہ کیلئے استعمال میں لا سکیں ۔ وزارتوں اور ڈویژن کی جانب سے 175ملین روپے کے اخراجات اس مد میں پہلے ہی کیے جا چکے ہیں جس میں 50ملین روپے اضافے سے کل استعمال کی گئی رقم 225ملین روپے تک پہنچ جائے گی۔استعمال ہونیوالی رقم تخمینہ لگائی گئی رقم 516ملین روپے کے مقابلے میں 56فیصد کم ہو گی۔ فنانس ڈویژن کی سمری پر وفاقی کابینہ نے 7مئی کو اس مد میں 50ملین روپے اضافی خرچ کرنیکی منظوری دی۔ حیران کن طور پر 7مئی کو وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ وفاقی کابینہ نے انٹرٹینمنٹاینڈ گفٹس بجٹ ختم کرنے کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد وزراء کو چائے پانی کا خرچہ اپنی جیب سے کرنا پڑے گا۔