لندن(سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بائولر اور سکائی سپورٹس کے تجزیہ نگار باب ولس گزشتہ روز کینسر کے باعث چل بسے ۔ وہ کچھ عرصہ سے ہسپتال میں داخل تھے جہاں گزشتہ روز ان کی روح پرواز کر گئی ۔ 70 سال کی عمر میں انتقال کرنیوالے باب ولس نے 90 ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے 325 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی بہترین کارکردگی 1981 میں کھیلی جانیوالی ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے دوران آسٹریلیا کے 8 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگانا ہے ۔انہیں 10 سال تک انگلینڈ کا لیڈنگ وکٹ ٹیکر بائولر مانا جاتا رہا ہے ۔ باب ولس نے اپنے کیریئر کے دوران 64 ون ڈے انٹرنیشنل بھی کھیلے ۔