لاہور(عمران راج)لالی وڈ فلم انڈسٹری کے فنکاروں اور تاریخی لمحات کو عکسبند کرنے والی آخری 35mm فلمی نیگٹیو پرنٹ لیبارٹری ایورنیو سٹوڈیو لاہور کو ختم کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مشہورکلاسک پاکستانی فلموں کے پرنٹ ضائع ہونے سے قیمتی خزانہ برباد ہوچکا ہے ،فلم انڈسٹری کے قیام سے لیکر 80کی دہائی تک پاکستانی فلم انڈسٹری نے بہت کلاسک فلمیں بنائیں ہیں ،تقریبا 2ہزار سے زائد ان بلیک اینڈ وائٹ اور کلر فلموں کو مختلف سٹوڈیوز کے ریکارڈ روم میں رکھاگیا تھا۔ایورنیو اور باری فلم اسٹوڈیو ز میں بے شمار پرا نی یاد گار فلموں کے پرنٹس گوداموں میں پڑے پڑے ضائع ہوچکے ہیں۔ضائع ہونے والی فلموں میں چن وے ، میرا گھر میری جنت ، جگری یار، ڈھول جانی ،دل دا جانی ، بزدل ، پردیس ، مہندی،سدھا رستہ،شریف بدمعاش،ہتھ چوڑی،پرانی فلم چوڑیاں، لنگوٹیا اور دیگر بہت سی یاد گار فلمیں شامل ہیں۔