اسلام آباد،راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے واضح کیا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جھادیو کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی خبریں غلط ہیں۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میںمیجر جنرل آصف غفور نے واضح کیا ہے کہ سزائے موت یافتہ بھارتی دہشتگرد کلبھوشن جھادیو سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کے لئے پاک آرمی ایکٹ میں ترمیم کی قیاس آرائیاں غلط ہیں۔ترجمان پاک فوج نے کہاہے کہ کلبھوشن کیس میں نظرثانی سے متعلق مختلف قانونی پہلو زیر غور ہیں اور اس حوالے سے کسی بھی حتمی فیصلے کا اعلان جلد کیا جائے گا۔واضح رہے کہ میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث بھارتی جاسوس کلبھوشن جھادیو کو ہائیکورٹ میں اپیل کا حق دینے کے لئے آرمی ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے حکومت نے ڈرافٹ بھی تیار کرلیا ۔