لاہور،ملتان ،ڈی جی خان ،وہاڑی (صباح نیوز، سپیشل رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر )آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے مرکزی صدرفضل غفار باچا اور صوبائی صدر ایپکا پنجاب محمد سلطان مجددی کی اپیل پر، ایپکا کی سینٹرل کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ملک بھر کے 22 لاکھ کلرکس و سرکاری ملازمین نے ملک بھر کے تمام دفاترز میں مکمل ہڑتال کی، تمام ضلعی ہیڈ کواٹرز پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور حکومت کے خلاف ماتمی جلوس نکالے گئے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں بارش کے باوجود پنجاب بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ پرانی انار کلی میں احتجاجی جلسہ ہوا بعد ازاں احتجاجی جلوس نکالا گیابعد میں سول سیکر ٹریٹ کے سامنے زبردست مظاہرہ کیا گیا جس میں ملازمین نے کپڑے اتار کر حکمرانوں کے خلاف ماتم کیا۔ جلوس کی قیادت محمد سلطان مجددی ، گل نواز خان سواتی ، میاں سرور معراج ،سید امجد شاہ اور دیگر نے کی ۔ سیکرٹریٹ کے سامنے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا حکومت نے مطالبات منظور نہ کئے اور تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ نہ کیا تو 24 اپریل کو سیکرٹریٹ کا دوبارہ گھیرائو کریں گے اور 30 اپریل کو اسلام آباد پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کریں گے ۔ کوئٹہ، کراچی، پشاور ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ، فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں مکمل ہڑتال ہوئی اور احتجاجی جلسے اور جلوس نکالے گئے ۔ ایپکا ایکسائز ملتان کے ملازمین نے چیئر مین ایپکا ایکسائز یونٹ احسان خان سدوزئی اور جنرل سیکرٹری چودھری نیاز احمد ڈھلوں کی قیادت میں ایم ڈی اے چوک پر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ چودھری نیاز احمد ڈھلوں اور احسان خان سدوزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے ۔ ڈیرہ غازیخان میں نذر حسین کورائی کی قیادت میں ڈی سی او آفس سے بمبئے چوک تک جلوس نکالا گیا ۔ ملازمین نے حکمرانوں کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔ رہنمائوں نے کہا کہ ہر ہفتے میں بدھ کے روز ہڑتال اور احتجاج ہوگا۔شیخوپورہ سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے رہنما اکرم سرویا نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام ہو گئی ہے اور ملازمین کے مسائل اور ان کی تنخواہوں میں مجودہ مہنگائی کے تناسب سے اضافہ نہیں کر رہی ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ہائی وے میں احتجاجی دھرنا کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔