لاہور ( سپیشل رپورٹر )سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی زیر نگرانی شہر میں کلاشنکوف کلچر کے خاتمے کیلئے کریک ڈاؤن تیزی سے جاری ہے ۔رواں ماہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اسلحہ کی نمائش پر مختلف تھانوں میں679 مقدمات درج کئے گئے ۔لاہور پولیس نے قانون شکن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر683 ملزمان کو گرفتار کیا۔کریک ڈاؤ ن کے دوران ملزمان سے 542 پسٹلز،10 ریوالورز، 36 بندوقیں، 83 رائفلیں،9 جدید آٹومیٹک کلاشنکوف،7 ہزار سے زائد گولیاں برآمد کرلی گئیں۔سوشل میڈیا پر ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری رہا۔ ہوائی فائرنگ کے واقعات میں اب تک 92 مقدمات درج کرکے 133 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ سی سی پی او لاہورغلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ کلاشنکوف کلچر کسی صورت برداشت نہیں،شہر لاہور کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا، سی سی پی او نے شادی بیاہ و دیگر تقریبات میں اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے ۔