لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے آئی جی سندھ نے میڈیا پر آکر بعض اوقات حکومت کے خلاف ایسی باتیں کیں جو ناقابل برداشت تھیں،ایس ایس پی لیول کے افسران کا تبادلہ وزیراعلی سندھ کی مشاورت کے بعد کیاجاتا ہے ، کلیم امام کے ا ٓنے کے بعد کراچی میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ۔پروگرام ہوکیارہاہے میں میزبان فیصل عباسی سے گفتگو میں انہوں نے کہا ایس ایس پی ڈاکٹررضوان نے میرے خلاف بھی رپورٹ بنائی تھی، ان کا یہ ٹریک ریکارڈ ہے کہ جہاں جاتے ہیں لوگوں کے خلاف ایسی رپورٹیں بناتے ہیں،لوگوں کا سندھ پولیس پر اعتماد کم ہوا ہے ،اگر آج بھی ایم کیوایم وفاقی حکومت سے الگ ہوتی ہے تو ہم انہیں صوبائی حکومت میں وزارتیں بھی دینگے ، ان کیلئے آفر موجود ہے ، حکومت پانچ سال پورے نہیں کریگی،پنجاب کو ایسے شخص کے حوالے کردیا جو شاید ایک یوسی کو بھی نہ چلا سکتا ہو،علی زیدی یوسی کا الیکشن ہار گئے لیکن 71 ہزار کی برتری سے ایم این اے بن گئے ،یہ تو معجزہ ہی ہے ۔مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں،تمام رہنمائوں کی رائے سنی جاتی ہے اور جب فیصلہ ہوجائے تو تمام اراکین اس کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں،جس اجلاس میں قرآن پر حلف لینے کی بات کی جارہی ہے اس میں موجود نہیں تھا اس لئے تصدیق یا تردید نہیں کرسکتا،کیا بیمار آدمی ہوٹل میں کھانا نہیں کھاسکتا ہے ،نوازشریف کی یہ شخصیت نہیں ہے کہ وہ اپنے آپ کو کمزور ظاہر کریں،وزیراعظم سے پوچھا جائے انہوں نے تو کابینہ کوقسم کھا کرگارنٹی دی تھی اب آپ کیوں اعتراض کررہے ہیں،مریم نوازوالد کے صحت یاب ہونے تک سیاست میں فعال نہیں ہونگی،،شہبازشریف جلد واپس آئیں گے ۔تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا عوام کے ووٹ ا ورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ لینے کے با وجود شہبازشریف لندن میں بیٹھے ہیں جو درست نہیں، مصدق ملک بھی کچھ اکھڑے اکھڑے سے لگے ،حکومتی ترجمان بھی اکھڑے ہوئے ہیں،میجر جنرل بابر افتخار کی تقرری اچھی چوائس ہے ،آصف غفور نے زبردست کام کیا۔