لاہور (پ ر )لاہور ہائیکورٹ کی ہدایت کی روشنی میں صوبے کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنے و پلاسٹک بیگز کے استعمال کو ختم کرنے اور وزیراعظم پاکستان کے کلین و گرین پاکستان کے وژن کے سلسلے میں چیف سیکرٹری پنجاب کی طرف سے تشکیل کردہ کمیٹی کا پہلااجلاس آج ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب اعجاز احمد بزدار کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں اپنی سفارشات مرتب کرکے دو روز میں اپنی رپورٹ پیش کریں - انہوں نے سیکرٹری ماحولیات سلمان اعجاز کو ہدایت کی کہ تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ اجلاس منعقد کئے جائیں اور تمام ممبران کے ورکنگ گروپ تشکیل دیئے جائیں ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ پلاسٹک بیگز کے مضر اثرات سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے بھرپور تشہیری مہم شروع کی جائے ۔ ڈ ی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فوڈ کنٹیکٹ اینڈ پیکیجنگ میٹریل ریگولیشن 2018 میں پلاسٹک میٹریل اور سٹائرو فوم سے بنی پیکنگ مصنوعات میں کھانے پینے کی اشیاء کو پیک یا ترسیل کرنے پر پابندی عائد کی ہے اور اس سلسلے میں قانون سازی بھی کی گئی ہے ۔ اجلاس میں سلمان اعجاز، محمد تنویر صابر ودیگر نے شرکت کی۔