اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، 92نیوز رپورٹ)عالمی بینک نومبرمیں بجٹ خسارہ کم کرنے کیلئے پاکستان کو پیکیج دیگا،عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرکی مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات ہوئی،ملاقات میں خسارے سے نکلنے کیلئے حکومتی اقدامات کی تعریف کی گئی،اکتوبرمیں نیاپیکیج فائنل کیاجائیگا،دستخط کیلئے نومبرمیں عالمی بینک کے صدرپاکستان آئینگے ،پیکیج پاکستان کو دیئے جانے والے 9ارب ڈالرکے علاوہ ہوگا۔لڈ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر پیچاموتھو ایلن گوان نے اپنی ٹی کے ساتھ مشیر خزانہ سے ملاقات کی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ادارہ جاتی اصلاحات اور اقتصادی بحالی کیلئے پاکستان گروتھ پر مبنی پروگرام پر عمل پیرا ہے ،معیشت کے مختلف شعبوں میں مختلف اہداف کے حصول کیلئے ورلڈ بینک کا مالی تعاون بہت اہمیت کا حامل ہے ۔۔کنٹری ڈائریکٹر نے بتایا ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ ملپاس نومبر کے پہلے ہفتہ میں پاکستان آئیں گے ۔ انہوں نے پاکستان کی ادارہ جاتی اصلاحات کی مہم اور حکومت کے گروتھ ایجنڈا کے ساتھ تعاون کیلئے مل کر کام کرنے کی ورلڈ بینک کی انتظامیہ کے بھرپور عزم کا پیغام پہنچایا،عالمی بینک اس سلسلہ میں درکار تکنیکی یا مالیاتی معاونت فراہم کرے گا،ورلڈ بینک پالیسی کے خدوخال اور معروضی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی مالیاتی انتظام پر کام کر سکتا ہے کیونکہ بینک معیشت کے مختلف شعبوں میں حکومت پاکستان کی طرف سے کی جانے والی ادارہ جاتی اصلاحات کا بہت حامی ہے ۔ دریں اثنا ورلڈبینک کے کنٹری ڈائریکٹر پیچاموتھوایلن گوان نے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤدسے بھی ملاقات کی جس میں ملک میں کاروبار کے ماحول میں بہتری لانے کے حوالے سے ریگولیٹری اور انسٹی ٹیوشنل ریفارمز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر تجارت نے کہا معیشت کے مختلف شعبوں میں ورلڈبینک کی ٹیکنیکل اور فنانشل معاونت قابل تعریف ہے ۔