لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے )کمشنر لاہور ڈویژن محمد آصف بلال لودھی نے شاہدرہ چوک ری ماڈلنگ ترقیاتی کام پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلیے شاہدرہ چوک و ملحقہ علاقہ کا اچانک دورہ کیا۔ چیئرمین پی ایچ اے سید یاسر گیلانی، اے سی پروٹوکول سید منور بخاری ،سی او ایم سی ایل سید علی عباس بخار ی و اے سی سٹی فضل ربی بھی ہمراہ موجود تھے ۔ کمشنر لاہور کے دورہ کے دوران این ایچ اے ، لیسکو، ایم سی ایل، ایل ڈی اے اورٹریفک افسران کو موقع پر طلب کیا گیا۔ کمشنر لاہور نے شاہدرہ چوک میں صفائی اور عارضی تجاوزات پر اظہار عدم اطمینان کیا۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں، سی او ایم سی ایل شاہدرہ چوک کی لائٹس کی تنصیب مکمل کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ معمولی عارضی تجاوزات کو روزانہ چیکنگ کی بنیاد پر ہی ختم کیا جا سکتا ہے ۔ کمشنر لاہور نے چوک پر ٹریفک ریگولیشن و آپریشن کو مزید جامع بنانے کی ہدایت کی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ سیالکوٹ بائی پاس سے لیسکو الیکٹرسٹی ڈسٹری بیوٹری جلد منتقل کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے سمیت دیگر ایجنسی کرب سٹونز کو فورا پینٹ کرائیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ صفائی اور تزئین کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر پیش کی جائے ۔ دریں اثنا انہوں نے ریجنل کمشنر لاہور ڈویژن آصف بلال لودھی نے ٹی ایچ کیو ہسپتال مریدکے شیخوپورہ کا اچانک دور کیا۔ کمشنر لاہور ڈویڑن نے ایمرجنسی، گائنی، ڈینگی و دیگر وارڈز کا دورہ کیا۔ کمشنر آصف بلال لودھی نے فارمیسی۔ صفائی انتظامات و عملہ حاضری کو خصوصی طور چیک کیا۔ کمشنر لاہور ڈویڑن نے ایمرجنسی میں آئے مریضوں سے ہسپتال کیجانب سے نگہداشت و سہولیات فراہمی بارے استفسار کیا۔