واشنگٹن ( ندیم منظور سلہری سے ) ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس اگر الیکشن جیت جاتے ہیں تو نئی قیادت ٹرمپ کی بعض پالیسیوں کو تبدیل کرنے کے لئے اقدامات کریگی۔ امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ کملا ہیرس کی نامزدگی پر بھارتی حکام پریشان ہیں،جوبائیڈن امریکی انتخابات جیت گئے تو بھارت کیلئے مشکلات پیدا ہونگی،کملا ہیرس کواس لئے مودی حکومت پسند نہیں کرتی کیونکہ انہوں نے ایوان بالا کے دیگر اراکین کے ساتھ مل کر کشمیر ایشو پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا یہی وجہ ہے کہ کملا ہیرس کی نامزدگی کے بعد مودی حکومت سکتہ کا شکار نظر آتی ہے ۔واشنگٹن میں بھارتی سفارتکار بھی اس نامزدگی سے الجھن کا شکار نظر آتے ہیں جبکہ بھارتی کیمونٹی بھی تقسیم ہے جس کا فائدہ ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدواروں کو ہو سکتا ہے ۔ جو بائیڈن کو نریندر مودی سے یہ بھی شکوہ ہے کہ انہوں نے ٹیکساس میں بھارتیوں کے اجتماع میں صدر ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کیا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکہ میں ایک بڑا گروپ جو عورت کی حکمرانی نہیں چاہتا وہ کملا ہیرس کی کامیابی میں رکاوٹ پیدا کر سکتا ہے ایک نامور تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ کملا ہیرس کی نامزدگی کی خبر نے کورونا وائرس کی خبروں کو دبا دیا ہے ۔