دنیا بھر میں اتوار کو کشمیریوں نے یوم الحاق پاکستان منایا اور اس عہد کی تجدید کی کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے‘ اور اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔19جولائی 1947ء کا وہ دن ہمیشہ یادگار رہے گا جب کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرار داد منظور کی تھی‘ انگریزوں اور ہندوئوں کی سازشوں سے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر کے ان کی آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کا حق چھینا گیا‘ کشمیریوں کی بھارت کے خلاف اور پاکستان کے حق میں جاری جدوجہد اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیری جغرافیائی ‘ثقافتی‘ تاریخی اور مذہبی لحاظ سے پاکستان کے ساتھ ہیں اور کشمیر بھارت کا نہیں پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے۔ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی آٹھ لاکھ فوج بھیج کر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اپنے تمام تر ظلم و جبر کے باوجود بھارت کے ایک کشمیر ی کو بھی اپنے حق میں کھڑا ہونے سے نہیں روک سکا۔ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی منظور شدہ قرار دادوں کی نہ صرف مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے بلکہ اس نے گزشتہ سال اگست میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے وہاں ہندوئوں کو آباد کرنا شروع کر دیا ہے جو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے تمام اداروں اور تنظیموں کو چاہیے کہ وہ بھارت کو کشمیرمیں استصواب رائے پر مجبور کریں تاکہ کشمیریوں کو آزادی کے ساتھ اپنی مرضی و منشا کے مطابق اپنی زندگیاں گزارنے کا موقع مل سکے۔