اسلام آباد (سپیشل رپورٹر، آن لائن، 92 نیوز رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں سمیت کہیں بھی انسانیت کیخلاف ظلم و استحصال ہو،ہم نسل کشی کے خلاف ہیں،اس وقت دنیا کو انسانیت والی لیڈرشپ کی ضرورت ہے ، اقتصادی تعاون تنظیم کے توسط سے آپس میں تعلقات بہتر بنانے چاہیے ، دنیا کے مظالم کا سامنا کرنے کا ایک طریقہ اپنی معیشت اور معاشرت کو طاقتور کرنا ہے ۔اقتصادی تعاون تنظیم کی پارلیمانی اسمبلی کی جنرل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ وزیر خارجہ کے بیان پر لیبل لگایا گیا کہ آپ یہودیوں کے خلاف بات کررہے ہیں لیکن اس حوالے سے بالکل واضح رہنا چاہیے کہ جب ہم فلسطینیوں پر ظلم کی بات کرتے ہیں تو وہ یہود مخالف بات نہیں ، گزشتہ 60 سے 70 برس میں کوئی قوم مشکلات سے گزری ہے تو وہ مسلم امہ ہے ۔دریں اثنا پیکو کانفرنس کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے کی جانیوالی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اورایگزیکٹو کونسل کی تیسری پیکو کانفرنس افغانستان میں کرانے پر اتفاق کر لیا گیا۔ منگل کو پیکو کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صدارت میں ہوا۔ ایگزیکٹو کونسل نے 2 جون کو کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں پیش ہونیوالے مشترکہ اسلام آباد اعلامیہ پربھی اتفاقِ کیا۔ایگزیکٹو کونسل نے اسلام آباد میں سیکرٹریٹ کے قیام کی منظوری بھی دیدی۔ اعلامیہ میں فلسطین کے مظلوم عوام کیساتھ بھی یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا۔ کانفرنس کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں ممبر ممالک کے سپیکرز نے شرکت کی۔ اسلام آباد(صباح نیوز، این این آئی) صدرمملکت عارف علوی سے ترکی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر مصطفی سنتوپ نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی ۔ صدر مملکت نے کہا پاک ترکی دوطرفہ تعلقات مضبوط سٹریٹجک شراکت میں بدل چکے ہیں ،پاک-ترک تعلقات کو اعلیٰ سطحی سٹریٹجک تعاون کونسل نے ادارہ جاتی سطح پر قائم کیا ہے ، دونوں ممالک کے مابین مشترکہ مفادات کیلئے سیاسی اور معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے ۔صدر نے کشمیر پر پاکستان کی مستقل حمایت کا شکریہ کیا۔مصطفی سنتوپ نے کہاکہ ترکی کشمیر کے بارے میں پاکستان کے موقف کی حمایت جاری رکھے گا۔ صدر مملکت سے قطر کے شاہی خاندان کے رکن و پاک قطر تکافل گروپ کے چیئرمین شیخ علی عبداﷲ ثانی الثانی کی قیادت میں قطری وفد نے بھی ملاقات کی۔ان سے گفتگو میں صدر علوی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت میں مزید اضافہ ہوگا۔