لاہور(کلچرل رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل الحمرا 5فروری کو کشمیریوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کے دن کے حوالے سے تصویری نمائش ’’بلڈ ان دی ویلی‘‘ کا انعقاد کر رہا ہے جس میں ملک بھر سے آرٹسٹوں کو شرکت کے لئے مدعو کیا گیا ہے ، آرٹسٹ کسی بھی میڈیم میں اپنا کام 30جنوری تک الحمرا آرٹ گیلری میں جمع کرا سکتے ہیں۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرااطہرعلی خان نے اس حوالے سے اپنے تاثرات میں کہا کہ5 فروری کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن ہے ،نوجوان آرٹسٹ الحمرا کے پلیٹ فارم سے کشمیریوں کی آواز بنیں گے ،مصوراپنے اپنے وژن کے مطابق کشمیریوں کے حقوق کو دنیا کے سامنے پیش کریں گے ،فن کے اظہار کا موقع فراہم کرکے نوجوان آرٹسٹوں کی حوصلہ افزائی کرر ہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الحمرا نے گزشتہ برس بھی کشمیریوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا تھا۔ رواں سال بھی عزم مصمم کے ساتھ اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہیں ،یہ نمائش بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔