لاہور (رانا محمد عظیم ) پٹرول مافیا ، آ ٹا مافیا اور قومی ائیر لائن میں جعلی ڈگریوں پر بھرتی ہونے والے پائلٹس کے خلاف ایکشن کے بعدٹھیکیدار مافیا اور ان کے حصہ دار سرکاری افسروں کے خلاف بھی بڑے پیمانے پر شکنجہ تیار ہوگیا ،300 سرکاری افسر اور 471 ٹھیکیداروں کیخلاف انکوائری کافیصلہ کرلیاگیا، انکوائری پہلے مرحلے میں پنجاب اور کے پی کے میں شروع کی جائے گی ۔مصدقہ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے وزیر اعظم کی آ مادگی کے بعد ہدایات بھی جاری ہو چکی ہیں۔ با وثوق ذرائع کے مطابق دو اداروں کی رپورٹس میں واضح طور پر کہا گیا کہ ترقیاتی کاموں کی مد میں ریکارڈ رکھی جانے والی رقم ترقیانی کاموں سے زیادہ سرکاری افسروں اورٹھیکیدار مافیا میں تقسیم ہوتی ہے ۔ با اثرٹھیکیدار مافیا باقائدہ اپنی مرضی سے کئی سرکاری افسران کی تقرریاں تبادلے کراتے ہیں اور کئی ارکان اسمبلی کی مرضی سے ان کے منظور نظر ٹھیکیدار وں کو کام الاٹ کئے جاتے ہیں۔حکومت کی طرف سے اگر ایک کام کیلئے کروڑ روپے ادا کئے جائیں تو اس میں صرف دس سے پندرہ لاکھ تک لگتے ہیں باقی رقم کمیشن ، رشوت اور پرافٹ میں چلی جاتی ہے ۔ پنجاب میں محکمہ لوکل گورنمنٹ میں ایک بڑی افسر اور پنجاب کی اہم ترین سرکاری شخصیت کے ساتھ تعینات کئی سیکرٹریز رینک کے افسران کے گھروں کی تعمیر وہاں لگنے والی ٹائلز کن ٹھیکیدار وں ایس ڈی اوز ، ایکسین ، اور اوو ر سیز کے ذر یعے لگ رہی ہیں اس حوالے سے باقاعدہ رپورٹ میں نام دیئے گئے ہیں۔ لاہو رمیں اس حوالے سے پندرہ ایسے بڑے ٹھیکوں کا ذکر بھی کیا گیا ہے ۔ رپورٹس میں لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل کے حوالے سے بھی لکھا گیا کہ اس حوالے سے اشتہار دیا گیا اور نہ ہی کوئی چیکنگ کی گئی بلکہ ٹھیکیدار وں کو ملی بھگت سے بھاری رقوم سے نوازا گیا ۔ان ٹھیکیدار وں کا مسلم لیگ ن کے ایک سابق ایم این اے سے گہرا تعلق اور سٹی ڈسٹرکٹ لاہور کے ایک اہم افسر کو بھی اس میں حصہ دار بتایا گیا ہے ۔ بارہ ربیع الاول کو ہونے والی سرکاری لائٹنگز اور کورونا کیلئے بننے والے آ ئسولیشن وارڈز جو کہ ایکسپو سینٹر اور کالا شاہ کاکو میں ہیں یہ بھی اسی گروپ کو دیئے گئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان رپورٹس میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ ان ٹھیکیدار مافیا اور سرکاری افسران کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے ہر سال کھربوں روپے سرکاری خزانے کو چونا لگ رہا ہے ۔ رپورٹ میں لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک ایس ڈی او کے متعلق لکھا گیا کہ شیخوپورہ میں تعیناتی ہے ، جونیئر ہونے کے باجود بڑے عہدے پر ہے اور امریکہ کے کئی وزٹ کر چکا ہے اور امیر ترین لوگوں میں اس کا شمار ہوتا ہے ۔ذرائع کے مطابق صرف پنجاب کے اندر تیس سو سے زائد چھوٹے بڑے افسروں اور 471بڑے ٹھیکیداروں کے حوالے سے اے کیٹگری لفظ لکھ کر ان کے خلاف انکوائری کا کہا گیا ہے ۔ اہم ترین افراد انکوائری کو ہیڈ کریں گے ۔