اسلام آباد (آن لائن، خصوصی رپورٹ ) نشان حیدر اعزاز حاصل کرنے والے پاک فوج کے آفیسر کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کا 73 واں یوم شہادت آج منگل کو منایا جائے گا۔ وہ نشان حیدر اعزاز حاصل کرنے والے پہلے آفیسر تھے ۔یوم شہادت کے سلسلے میں مختلف شہروں میں تقریبات میں شہید کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا، راجہ محمد سرور شہید10نومبر1910ء کو ضلع راولپنڈی میں پیدا ہوئے 15اپریل 1929ء کو فوج میں بطور سپاہی شمولیت اختیار کی، 1944ء میں آرمی انجینئر کور میں شمولیت اختیار کی اور 1946ء کو پنجاب رجمنٹ کی بٹالین میں کمپنی کمانڈر مقرر ہوئے اور 1947ء میں انہیں کیپٹن کے عہدے پر ترقی دے دی گئی، جولائی 1948ء میں دشمن فوج نے کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں حملہ کیا، کیپٹن راجہ سرورنے دشمن کے مورچوں پر حملہ کیا اور 27جولائی 1948 کوسینے پر گولی کھا کر جام شہادت نوش کیا ۔ کیپٹن راجہ سرور شہید کے یو م شہادت کے حوالے سے ترجمان پاک فوج ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹویٹ میں کہا قوم 1948 کی کشمیر جنگ کے شہید کیپٹن محمد سرور شہید کو سلام پیش کرتی ہے ۔ ان کی بے مثال دلیری اور اٹل عزم اور جرات ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ان کی بڑی قربانی وطن کے دفاع کرنے والوں کو ہمیشہ حوصلہ دیتی رہے گی۔