واشنگٹن(آن لائن) امریکہ نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے باعث دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے جو باعث تشویش ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جان ہکنی لوپر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی باعث تشویش ہے ۔ امریکہ کی یہ پالیسی ہے کہ مسئلہ کشمیر پر بھارت اور پاکستان کو باہمی مذاکرات تیز کرنا ہوں گے کیونکہ امریکہ اس پالیسی پر گامزن ہے کہ دونوں ممالک کی خود مختاری کا احترام کرتے ہوئے دخل اندازی سے گریز کیا جائے ۔ انہوں نے کہا لائن آف کنٹرول پر تازہ گولہ باری باعث تشویش ہے اور اس صورتحال کو قابو میں کرنا ہو گا ۔ ہم چاہتے ہیں دونوں ممالک کی سرحدیں محفوظ رہیں اور کشیدگی کا کوئی عنصر نہ رہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت کی قیادت دانشمندی کا مظاہرہ کر کے خطے میں کشیدگی کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے گی ۔ انہوں نے کہا مذاکرات ہی بہتر ذرائع ہیں جس سے دونوں ممالک ایک دوسرے کی مجبوریوں کو بھی سمجھ سکتے ہیں ۔