لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فکسنگ کے الزام میں تاحیات پابندی کی سزا پانے والے سلیم ملک اور دانش کنیریا کو کرارا جواب دے دیا۔رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے فکسنگ کے الزام میں تاحیات پابندی کی سزا پانے والے سلیم ملک اور دانش کنیریا کو معاملات درست انداز سے نمٹانے کا مشورہ دے دیا۔پی سی بی کی جانب سے دانش کنیریا کو کہا گیا ہے کہ انہیں انگلینڈ بورڈ نے سزا دی ہے وہی انہیں معاف کرسکتا ہے ، انگلینڈ بورڈ سے رابطہ کریں۔پی سی بی حکام نے سلیم ملک کو آئی سی سی کی جانب سے میچ فکسنگ کے سوالات کے جواب دینے کا کہا گیا ہے ، سلیم ملک کے مئی 2014 کے اعتراف کا حوالہ دیتے ہوئے پی سی بی کا کہنا ہے کہ ان کا جواب دینے سے انکار ان کے اعتراف کو تبدیل نہیں کرسکتا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق لیگ سپنر دانش کنیریا نے پی سی بی سے اپیل کی تھی کہ ان کی تاحیات پابندی ختم کی جائے تاکہ وہ کوچنگ کرسکیں، کنیریا پر 2012 میں انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں تاحیات پابندی عائد کی تھی۔یاد رہے کہ اس سے قبل سلیم ملک کا کہنا تھا کہ کئی کھلاڑیوں کو فکسنگ کی سزا کے بعد کھیلنے یا کوچنگ کا موقع ملا مجھے بھی کوچنگ کا اختیار دیا جائے ۔سلیم ملک پر 2000 میں میچ فکسنگ انکوائری کے بعد تاحیات پابندی لگائی گئی تھی جسے سیشن کورٹ نے آٹھ سال بعد ختم کردیا تھا۔