واشنگٹن ( آن لائن )امر یکہ نے تائیوان کو 8 ارب ڈالر مالیت کے 66 ایف 16طیاروں کی فروخت کی منظوری دیدی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے بھی تائیوان کو ایف 16 طیاروں کی فروخت کی تصدیق کر دی ہے ۔تائیوان کو ایف 16 طیاروں کی منظوری سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان دیا کہ کسی نہ کسی نے تو چین کو کنٹرول کرنا تھا۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق تائیوان کو 8 ارب ڈالر مالیت کے لاک ہیڈ مارٹن کے طیار کردہ جدید ترین ایف 16 جنگی طیارے فراہم کیے جائیں گے ۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تائیوان کے ساتھ ایف 16 طیاروں کا معاہدہ چین کے ساتھ تاریخی تعلقات کے عین مطابق ہے ۔مائیک پومیو نے مزید کہا کہ ہمارا اقدام گزشتہ پالیسیوں کا تسلسل ہے جو ہم نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ کر رکھا ہے ۔تائیوان کے صدارتی ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکی ایف 16 طیاروں سے ملکی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔ترجمان تائیوان صدر نے مزید کہا کہ امریکی طیارے خلیج تائیوان اور خطے میں امن و استحکام کیلئے مرکزی کردار ادا کر ینگے ۔امریکی سینٹ کی بین الاقوامی تعلقات کی کمیٹی کے چیئرمین جم رچ نے ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر یہ طیارے تائیوان کی فضائی حدود کی حفاظت کیلئے بہت ضروری ہیں۔امریکا کی غیر ملکی ملٹری فروخت کا جائزہ لینے والی دفاعی سلامتی ایجنسی کا کہنا ہے کہ تائیوان کو ایف 16طیاروں کی فروخت خطے میں بنیادی فوجی توازن تبدیل نہیں ہو گا۔ یاد رہے کہ چین کا دعویٰ ہے کہ تائیوان ان کی ملکیت ہے اور اسے بیجنگ کے ساتھ ملنا ہے جب کہ تائیوان خود کو ایک خود مختار علاقہ تصور کرتا ہے اور امر یکہ کا قریبی اتحادی ہے ۔