لاہور (رانا محمد عظیم )بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے اندر ایک اور بڑا گھنائونا کھیل شروع کردیا،23کشمیری نوجوانوں کو انکی فیملیز سمیت اغوا اورقتل کر کے دہشتگرد قراردینے اورپاکستان پر الزام لگانے کا منصوبہ تیار کرلیا۔ با وثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے اس نئے ڈرامے کے حوالے سے پاکستان کے اہم ادارے بھی آ گاہ ہو چکے ہیں۔ بھارت ان کشمیری نوجوانوں کے حوالے سے جعلی کاغذات، جعلی تصاویرتیار کر چکا اور بھارتی میڈیا پر یہ پراپیگنڈہ شروع ہو چکا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک بڑا گروہ سر گرم عمل ہے ، انہی نوجوانوں کو وہ گروہ ثابت کر کے پاکستان پر الزام لگانے کی کوشش کی جائیگی اور پھر انہی نوجوانو ں کا جعلی بیان بھی جاری کیا جائیگا۔ اس ضمن میں یہاں تک تیاری کی گئی ہے کہ ان نوجوانوں کی فیملیز جن کو اغوا کیا گیا ہے 27فروری سے پہلے انکی لاشیں ویرانوں میں پھینکی جائینگی اور ایک پلاننگ کے تحت ایسا گھنائونا کھیل کھیلا جائیگا کہ یہ نوجوان دہشتگرد بنا کر پیش کئے جائینگے اور جعلی تصاویر بھی ایسی دکھائی جائینگی جن سے یہ الزام لگانے کی کوشش کی جائیگی کہ انکا پاکستان سے تعلق ہے ۔ اس ضمن میں بھارتی میڈیا بھی ان کا مکمل ساتھ دے رہا ہے اور یہ بھارتی میڈیا کے ذریعے اپنے جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کی کوشش کرینگے اور ان 23نوجوانوں میں سے کئی نوجوانوں کو جعلی پولیس مقابلے میں بھی مارا جائیگا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گھنائونی سازش پر 27فرور ی سے پہلے پہلے عمل کیا جائیگا ۔