لاہور ، کراچی (خبرنگارخصوصی ،سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنا دورہ لاہور مکمل کرنے کے بعد کراچی پہنچ گئے ، انہوں نے لاہور میں قیام کے دوران پارٹی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور پارٹی کو فعال بنانے کی ہدایت کی ۔ بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پی ٹی آئی کے ہائر ایجوکیشن کے فنڈز پر حملے وبا کے دنوں میں میڈیکل یونیورسٹیوں کیلئے برے نتائج لائیں گے ،میڈیکل یونی ورسٹیاں کرونا وائرس کے خلاف اگلے محاذوں پر جدوجہد کررہی ہیں، پی ٹی آئی نے گزشتہ بجٹ میں ہائر ایجوکیشن کے فنڈز میں کمی کی، پی ٹی آئی نے موجودہ بجٹ میں ہائر ایجوکیشن کے فنڈز میں اضافے سے انکار کیا،پی ٹی آئی کے اقدام کے بعد یونیورسٹی ملازمین کی تنخواہوں میں کمی طلبہ کی فیسوں میں اضافہ ہوگا،پی ٹی آئی کے اقدامات کے بعد اکثر یونی ورسٹیوں کو بندش کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ، پی ٹی آئی کو اپنے تعلیم دشمن ایجنڈے پر شرم آنی چاہئے ، عالمی وبا کے دنوں میں پی ٹی آئی کو ٹیچنگ ہسپتالوں اور میڈیکل یونیورسٹیوں کو سپورٹ کرنا چاہئے تھا ۔ علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز ٹیلفونک رابطہ کر کے پی پی پی چیئرمین کو 9 جولائی کو کراچی میں جے یوآئی سندھ کے تحت ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ، بلاول بھٹو کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی کہ وہ آل پارٹیزکانفرنس میں شرکت کریں گے اورمولانا فضل الرحمن سے ون آن ون ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جاسکے جے یوآئی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن نے ملاقات پر اتفاق کرلیا۔