کوئٹہ (این این آئی)کوئٹہ میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے سرپرست اعلی مولانا حبیب اﷲ مینگل جاں بحق ہوگئے ، پولیس کے مطابق سریاب روڈ پر عارف گلی میں نا معلوم افراد نے فائرنگ کر کے جے یو آئی کے ضلعی سرپرست اعلی اور مسجد بلال کے پیش امام مولانا حبیب اﷲ مینگل کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے ، مولانا حبیب اﷲ مینگل نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد گھر جارہے تھے گھات لگائے حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کردی ،پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے ۔ مولاناحبیب اﷲ مینگل کوبرماہوٹل میں ارباب قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا، جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل ومذہبی امور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے جمعیت کے کارکنوں کو انکی امن پالیسی کے تحت ٹارگٹ کلنگ کانشانہ بنایا جارہا ہے ، مولانا حبیب اﷲ مینگل کی شہادت کسی قومی المیے سے کم نہیں اس سے قبل میر منیر ملازئی وجمعیت کے دیگر سینکڑوں کارکنوں کیساتھ انتظامیہ کا ناروا سلوک جاری ہیں ، آئے روز جمعیت کے کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ اور بلاجواز تنگ کیا جارہا ہیں جسکو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انتظامیہ ملوث افراد کو جلد ازجلد گرفتارکرے ۔جے یو آ ئی کے صوبائی جنرل سیکریٹری ملک سکندر خان ایڈووکیٹ،ضلعی امیر حافظ حمد اﷲ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالبار اچکزئی اور دیگر نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ کھلے عام دہشتگردی ہے ۔ مولاناحبیب اﷲ ایک مذہبی اور سیاسی رہنما تھا جس نے ہر وقت امن وامان کی بحالی کی آواز اٹھائی۔