لاہور(اشرف مجید)پنجاب حکومت نے کورونا کے حوالے سے محکمہ ٹرانسپورٹ اور تمام کمشنرز سے جنرل بس اڈوں سمیت تمام ڈی کلاس بس سٹینڈوں کی 100روزہ کار کردگی رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ ابتدائی طور پر لاہور میں موجود تمام جنرل بس اڈوں کی رپورٹ کمشنر کو بھجوا دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے کورونا کے حوالے سے تمام محکموں سے سوروزہ کار کردگی رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے ، اس ضمن میں محکمہ ٹرانسپورٹ سمیت کمشنرز کی جانب سے رپورٹس کو جمع کرانے کیلئے ماتحت افسروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔کہا گیا ہے کہ رپورٹس میں 23مارچ سے 16مئی تک لاک ڈائون کے دوران انکی جانب سے کیا اقدامات کئے گئے ہیں، انکی تفصیل بھجوائی جائے جبکہ 17مئی سے لاک ڈائون کھلنے کے بعد ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور دیگر بس اڈوں پر ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کے حوالے سے کیا اقدامات کئے گئے ہیں اور جن ٹرانسپورٹروں کی جانب سے ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا گیا ان کیخلاف کیا کارروائی کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں موجود جنرل بس سٹینڈ بادامی باغ ،سٹی بس ٹرمینل سکندریہ کالونی ،جناح بس ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ سمیت تمام ڈی کلاس بس سٹینڈوں کے حوالے سے رپورٹ بنا کر ایڈمنسٹریٹر لاری اڈا احمد رضا بٹ کی جانب سے کمشنر لاہور کو بھجوائی گئی ہے جس میں 23مارمارچ سے اب تک کی رپورٹس ہیں۔ مسافروں اور عملے میں فیس ماسک کی تفصیل ،گاڑیوں کو ڈس انفیکٹ ،ہینڈ سینیٹائز ،اور فیس ماسک کی گاڑیوں ،بکنگ سنٹرز پر موجودگی کی رپورٹ بھی بھجوائی گئی ہے ۔ صرف لاہور میں 1194گاڑیوں کو چیک کیا گیا جن میں 57مسافروں کی جانب سے 3 فٹ کے فاصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کا بتایا گیا ہے جبکہ 53ایسی گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جنکی جانب سے ٹرپ مکمل کرنے پر اسے ڈس انفیکٹ نہیں کیا گیا تھا جس پر انہیں 2لاکھ 55ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ اسی طرح دیگر ایس او پیز کی رپورٹ بھی بھجوائی گئی ہے ۔دیگر اضلاع کے آر ٹی ایز سمیت کمشنرز کی جانب سے بھی رپورٹس اکٹھی کی جا رہی ہیں ۔