اسلام آباد، لاہور، پشاور(نامہ نگار، نامہ نگار خصوصی، نیوز رپورٹر) مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اور بھارتی مظالم کیخلاف ملک بھر میںاحتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاںنکالی گئیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میںنماز جمعہ کے بعد بڑی تعداد میںلوگ سڑکوںپر نکل آئے اور کشمیریوںسے اظہار یکجہتی کیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے باہر جی پی او چوک میں وکلا نے احتجاج کیا اور کشمیریوںکے حق میں نعرے بازی کی ۔مظفرآباد میںجماعت اسلامی کے زیر اہتمام بڑی ریلی نکالی گئی جس میںہزاروںافراد نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا دنیا کی آنکھوں پر پٹی باندھی ہے جو پٹی عالمی اسے کو بہت مہنگی پڑنے والی ہے ، کشمیر جل رہا ہے ،کشمیر کی مائیں ،بہنیں ،بزرگ ،نوجوان پاک فوج کی راہ تک رہے ہیں، ہم بھی کہہ رہے ہیں کہ پاک فوج قدم بڑھائو ہم تمہارے ساتھ ہیں ۔ شیخوپورہ میںسیمینار اور خواتین کی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ پشاور میںسرکاری سکولوں کی خواتین اساتذہ نے ریلی نکالی۔ شانگلہ میںبھی سیاسی جماعتوں کے کارکن ، تاجر اور طلباء کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے سڑکوںپر نکل آئے ۔ نوشہرہ، سانگھڑ، جہلم، منڈی بہائوالدین ، مریدکے ، چنیوٹ ، مری، چمن ، ڈیرہ بگٹی ، کوئٹہ اور دیگر شہروںمیںبھی احتجاج کیا گیا۔