لاہور ، سیالکوٹ، اوکاڑہ ، لورا لائی (کرائم رپورٹر، سپیشل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹرز، 92 نیوز رپورٹ) باٹا پور میں جائیداد تنازع کی پرانی دشمنی پر پولیس کے پاس جاتے ہوئے راستہ میں مخالفین نے چوکی کے قریب 5 افراد کو قتل کردیا ، 2 افراد زخمی ہوگئے ۔ پولیس پارٹی چوکی میں انتظار کرتی رہی گئی، مقتولین کے ورثا نے الزام لگایا کہ ہمارے پیاروں کو قتل کرانے میں پولیس شامل ہے ، پولیس نے بغیر اسلحہ آنے کا کہا تھا، قاتل گروپ کے مرکزی ملزم رفاقت کو کو زخمی حالت میں میو ہسپتال سے گرفتار کرلیا گیا، دیگر ملزمان گھروں کو تالے لگا کر فرار ہوگئے ، فائرنگ امجد گروپ اور رفاقت گروپ کے درمیان ہوئی ، امجد گروپ نے چند روز قبل رفاقت گروپ کے ایک شخص کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا تھا ، دونوں پارٹیوں نے چوکی واہگہ میں تفتیش کے لئے پیش ہونا تھا ، راستہ میں فائرنگ شروع کردی گئی ، 40 سالہ امجد، 35 سالہ عمران،30 سالہ اعجاز اور 35 سالہ ظفر موقع پر ہلاک ہوگئے ، فائرنگ کلاشکوف، 30 بور پسٹل،اور 9 ایم ایم پستول سے کی گئی ، ملزمان فرار ہوگئے ، پولیس کے مطابق دونوں گروپ آپس میں رشتے دار ہیں ، کافی عرصہ سے پراپرٹی کی وجہ سے جھگڑا چل رہا ہے ، ایک گروپ چوکی میں جاکر بیٹھ گیا ، دوسرا گروپ واہگہ چوکی آرہا تھاراستے میں ہی گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کردی ، ذرائع کے مطابق پولیس کی نااہلی کی وجہ سے 5 افراد قتل ہوئے ، آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔ لاہور فیکٹری ایریا کے علاقے میو کالونی میں کیبل کی کمائیاور چودھراہٹ پر نیازی گروپ اور رانا گروپ میں فائرنگ ہوگئی، راہگیر 8 ویں جماعت کا طالبعلم نعمان نزد میں آکر چل بسا، نیازی گروپ کا فیضان زخمی ہوگیا، پولیس نے کارروائی شروع کردی، نعمان دودھ لینے گھر سے نکلا تھا کہ فائرنگ کی زد میں آ گیا، پولیس نے مقتو ل بچے کے با پ کو ہی قتل مقدمہ کا مدعی بنا دیا ۔ سیالکوٹ میں دوران ڈکیتی ملزمان کی فائرنگ خاتون گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی، ملزمان فرار ہوگئے ، تھانہ ستراہ کے علاقہ سرانوالی کا محمد شہباز اپنے اہلخانہ کے ہمراہ گھر پر موجود تھا ، قریبی چچا کے گھر سے چور چور کے شور کی آواز سن کر شہباز بھائی محمد عباس ،محمد عرفان اور والدہ صغراں کے ساتھ چچا کے گھر جا رہا تھا، چچا کے گھر سے 3 ڈاکو نکلے اور ان کو اپنے جانب آتا دیکھ کر فائرنگ کردی، صغراں بھی زد میں آ کر چل بسی، اوکاڑہ میں ڈاکوؤں نے کار سوار فیملی کو لوٹا اور مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے کار سوار اکبر کو قتل کردیا، خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے ، اکبر کی فیملی کار پر جا رہی تھی، نواحی قصبہ 28 ٹو آر کے قریب ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گئی، شازیہ اور سجاد زخمی ہوئے ۔ لورالائی میں پولیس اہلکار نے ماں، بہن اوربیوی کو قتل کر کے خودکشی کرلی، کٹوی موڑ کے قریب جونئیر کلرک ثاقب نے پسٹل سے والدہ فوزیہ،بیوی سعیدہ اور بہن گوشہ کو گولیاں مار کر قتل کیا، ثاقب زیارت میں تعینات تھا، گھریلو ناچاقی پر اہل خانہ کو مار کر اس نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔ سیالکوٹ میں سواریاں بٹھانے کے جھگڑے پر وین ڈرائیور نے تشدد کرکے اڈا مینجر کو قتل کردیا، 55 سالہ اڈا مینجر رشید بٹ کی ڈرائیور علی سکندر سے تلخ کلامی ہوئی، علی نے لاتوں ، گھونسوں سے تشدد کرکے رشید کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔