اسلام آباد(خبر نگار)عدالت عظمی ٰنے صنعتوں پر اضافی ٹیکس کے خلاف دائر درخواستیں باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے درخواست گزار صنعتی مالکان کو لیوی ٹیکس کا پچاس فیصد جمع کرانے کا حکم دیا ہے ۔تین رکنی بینچ نے انکم ٹیکس آرڈیننس مجریہ 2001کی سیکشن بی کے خلاف دائر درخواستوں پر ابتدائی سماعت کے بعد لیوی ٹیکس کا پچاس فیصد جمع کرانے والوں سے ریکوری کے لیے کارروائی نہ کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے لیوی ٹیکس فیصلے کو معطل کرنے کی استدعا مسترد کی ۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا لیوی ٹیکس کو مکمل طور پر معطل نہیں کر سکتے ۔ عدالت عظمیٰ نے باچاخان یونیورسٹی کے پانچ ملازمین کو بحال کردیا ہے ۔ تین رکنی بینچ نے نکالے گئے ملازمین بحال کرکے انھیں مستقل کرنے کا پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا اوریونیورسٹی کی نظر ثانی درخواست خارج کردی ۔ عدالت نے یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے نظر ثانی درخواست دائر کرنے پر برہمی کا اظہار بھی کیا ۔باچا خان یونیورسٹی کے لیگل ایڈوائزر نے جواب میں بتایا کہ اپیل کا وقت گزر جانے کے باعث نظر ثانی درخواست دائر کی گئی۔لیگل ایڈوائزر کے اس موقف پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہارکیااور کہا کہ آپ کے ادارے کے وکیل موجودہے ،آپ الگ سے ادارے کے لیگل ایڈوائزر بن کے کھڑے ہوگئے ۔چیف جسٹس نے کہا آپ عدالت کے سامنے ہوشیاری مت دکھائیں،کیوں نہ عدالت کو گمراہ کرنے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیں۔عدالت عظمیٰ کے جج جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ نیب کو جنٹلمین احد چیمہ کو تین سال جیل میں رکھنے سے کیا ملا؟۔تین رکنی بینچ نے جیکب آباد کے اسکولوں میں کرپشن کے ملزم آزادعلی کی ضمانت پانچ پانچ لاکھ روپیہ کے دو مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔فاضل جج کا کہنا تھا کہ نیب مقدمات میں ضمانتوں کی مخالفت صرف اصول کی بنیاد پر ہی کرے ۔ عدالت عظمیٰ نے جائیداد کے تنازعے سے متعلق از خود نوٹس کے ایک مقدمے میں وکیل شیر افضل کو عدالتی معاون مقرر کردیا ہے ۔جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نایاب عمرانی کی زمین سے حاصل شدہ فصل کو فروخت کر کے تمام حصہ داروں میں ان کا حصہ تقسیم کرنے کی ہدایت جاری کر دی جبکہ عدالتی معاون سے معاملے پر قانونی معاونت طلب کرلی ۔