کوئٹہ ( سٹاف رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ) کوئٹہ میں ڈبل روڈ پرپولیس وین کے قریب موٹر سائیکل میں ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے دھماکہ کردیا گیا، دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا اور 4 اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے ہیں، ریپڈ رسپانس فورس کے شہید اہلکار خلیل احمد کی نعش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، دھماکے سے 4گاڑیوں اور2دکانوں میں آگ لگ گئی، دھماکے کے بعد جائے وقوعہ کو پولیس اور سیکورٹی فورسیز نے گھیرے میں لے لیا،ترجمان سول ہسپتال کے مطابق سول ہسپتال میں ایمرجنسی نافذکردی گئی۔ وزیرداخلہ بلوچستان ضیالانگونے کہا کوئٹہ حملے میں 4اہلکاروں سمیت8شہری زخمی ہوئے ، بلوچستان میں کافی عرصے سے دہشتگردی کی لہرپھیلی ہوئی ہے ، دہشت گردوں کی کمرٹوٹ چکی ، پہلے روزانہ دہشتگردی کے واقعات ہوتے تھے ، بزدل دشمن چھپ کرفورسزپرحملہ کرتے ہیں ، بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ملک دشمن عناصر عوام کے خون کے پیاسے ہیں لیکن ہم کسی صورت دہشت گردوں کے سامنے نہیں جھکیں گے ۔ صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور دیگر سیاسی شخصیات نے دھماکہ پر اظہار افسوس کیا۔ 4 پولیس اہلکار عبداللہ ، خیرمحمد ، واجد علی ،خالد محمود اور دیگر 6 راہگیر شاہد نذیر ،سہراب خان ،حیات اللہ ، ظہیر احمد،دائود اور بشیر احمد زخمی ہوئے ، صوبائی وزیر داخلہ نے واقعہ پر رپورٹ طلب کرلی۔