لاہور (سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے کوچ کے عہدے کے لیے درخواست دینے سے قبل وہ کرکٹ کمیٹی سے استعفیٰ دے دیں گے ۔لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں لگائے گئے قومیچ ٹیم کے کیمپ کے کمانڈنٹ مصباح الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر فٹنس کے لئے معیار سے ہم سب واقف ہیں، ہماری ٹیم میں بہتری کی کافی گنجائش ہے ، نئے فٹنس ٹیسٹ میں بہتری نظر آئی ہے تاہم کافی چیزوں میں کمی بھی ہے لہٰذا ہماری کوشش ہے کہ ان تین ہفتوں میں لڑکوں کو اس حد تک تیار کردیں کہ وہ کم از کم نئے سیزن میں مکمل فٹنس اور تیاری کے ساتھ کرکٹ کھیلیں۔مصباح کے مطابق عالمی سطح پر درکار فٹنس کے حصول کے لیے میری کوشش ہو گی کہ لڑکے اسے اپنی عادت بنائیں اور اس کیمپ میں انہی چیزوں پر دھیان دے رہے ہیں۔قومی ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کے حوالے سے سوال پر مصباح نے کہا کہ یہ اختیار پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس ہے ، وہ یقیناً اس بارے میں سوچ رہے ہوں گے اور پاکستان کے حق جو بہتر ہو گا وہ فیصلہ کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہر شخص کا اپنا نقطہ نظر ہے ، لوگ تنقید بھی کرتے ہیں اور تعریف بھی، ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ اگر ہم پر کوئی جائز تنقید ہو تو ہم اس کا جائزہ لے کر سیکھنے کی کوشش کر کے بہتری لانے کی کوشش کریں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ یہ ایک غلط تاثر ہے کہ انہیں لڑکوں میں سے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم تیار ہو گی، ہماری کوشش ہے کہ جو نئی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ آئے اس کے پاس ڈیٹا دستیاب ہو۔